Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, February 12, 2019

دہلی ہوٹل آتشزدگی، پل بھر میں 17 افراد ابدی نید سو گئے۔مہلوکین کے اہل خانہ کو 5-5 لاکھ کا معاوضہ۔

نئی دہلی١٣/فروری 2019)۔صدائے وقت/ نمائندہ۔
. . . . . . . . . . . . . . . . .
 دہلی میں 12 فروری بروز منگل کی صبح دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جب 17 لوگ نیند کی آغوش سے ابدی نیند میں سماگئے، تازہ ترین موصولہ اطلاع کے مطابق دہلی کے قرول باغ واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے حادثہ میں 17 لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی زخمی بھی ہو ئے، ذرائع کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آتشزدگی کا حادثہ پیش آیا ہے، دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بتایا کہ دہلی حکومت نے قرول باغ آتشزدگی حادثہ کی مجسٹریٹ سے تفتیش کا حکم دے دیا ہے، دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے قرول باغ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی حادثہ میں ہلاک شدگان کے لواحقین کو پانچ-پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے، پولیس حکام کے مطابق آگ قرول باغ میں گرودوارہ روڈ پر واقع ’آرپیت پیلس‘ میں لگی ہے، فائر بریگیڈ محکمہ کے ایک سینئر حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع صبح چار بج کر 35 منٹ پر ملی اور فوری طور پر فائر بریگیڈ کی 24 گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں، دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ حادثہ میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، زخمیوں کو رام منوہر لوہیا ہسپتال سمیت تین دیگر اسپتالوں میں داخل کرایا گیا، ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ 13 لاشیں رام منوہر لوہیا ہسپتال میں ہیں۔
معلوم ہو کہ ہلاک شدگان میں ایک بچہ بھی شامل ہے، حادثہ کے وائرل ویڈیو میں دو لوگ جان بچانے کے لئے جلتی ہوئی عمارت کی چوتھی منزل سے کودتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، عینی شاہدین کے مطابق سب سے زیادہ موت کمرہ میں دھواں دھرنے کی وجہ سے دم گھٹ کر ہوئی، گیلری لکڑی کی تھی،جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی، فائر بریگیڈ کے ایک حکام نے کہا کہ اینٹی فائر آلات دستیاب ہوئے ہیں جن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کمرہ میں پھنسے لوگوں نے آگ بجھا کر وہاں سے نکلنے کی کوشش کی ہوگی.
 وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی کے چیف وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے منگل کو دارالحکومت کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے کی وجہ سے ہوئی 17 لوگوں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت پیش کرتے ہوئے انہیں 5-5 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے، ایل جی اینل بیجل بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، مودی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "دہلی کے قرول باغ میں آتشزدگی سے ہلاکت پر بے حد دکھی ہوں، ہلاک شدگان کے خاندانوں کے تئیں اپنی تعزیت ظاہر کرتا ہوں".
واضح ہو کہ آرپت پیلس کے حادثہ میں زخمی افراد کا علاج رام منوہر لوہیا اسپتال میں چل رہا ہے، جب کہ 17؍ افراد موقع پر آگ میں جھلس کر ہلاک ہوگئے.