Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, March 25, 2019

ایس ڈی پی آئی ملک کے پسماندہ اور مظلوم طبقات کے لئیے آواز اٹھانے والی سیاسی تحریک ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایم کے فیضی۔



احمد آباد ۔( پریس ریلیز)۔صدائے وقت۔
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . 
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) گجرات شاخہ کی جانب سے 'Meet The President 'پروگرام کے تحت گجرات ریاست کے تاریخی شہر احمد آباد کے ہوٹل ریجیڈنسی میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پارٹی کی ریاستی ، شہری و برانچ کمیٹیوں کے عہدیداران اور ممبران شریک رہے۔ اس کانفرنس میں ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر ایم کے فیضی بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور حاضرین سے خطا ب کیا ۔ ایم کے فیضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ملک کے پسماندہ اور مظلوم طبقات کیلئے آواز اٹھانے والی ایک سیاسی تحریک ہے۔ پارٹی کسی ایک فرد، مذہب،ذات یا علاقہ کی پارٹی نہیں ہے اس پارٹی کا قیام ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے ،ظلم، ناانصافی، تشدد، بدعنوانی اور فرقہ وارانہ کا خاتمہ کرنے کے مقصد سے عمل میں آیا ہے۔ ایم کے فیضی نے مزید کہا کہ آج ملک میں جو ماحول ہے اس کی ذمہ دار وہ تمام سیاسی جماعتیں ہیں جن کے ہاتھوں گزشتہ سات دہائیوں سے ملک کی حکومتوں کی با گ ڈور رہی ہے۔ ان سیاسی جماعتوں نے سماجی جمہوریت کے اقدار کی پاسداری نہیں کی ۔ ملک کی کمزور جمہوریت پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجود ہ مرکزی حکومت آئین کے وقار کو نقصان پہنچا کر آمریت اور بدعنوانی کوفروغ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ نے پہلے تو کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچایا ہے پھر ان کو ملک سے باہر بھاگنے میں مدد کی ہے جس سے ملک کے عوام پر مہنگائی اور ٹیکس کے بوجھ میں اضافہ ہوا ہے۔ کارپوریٹ کمپنیوں کے مالکان کا قرضہ کا بوجھ ملک کے غریب عوام کو چکانا پڑرہا ہے۔مرکزی بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے آج ملک کی سا لمیت اور معیشت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے پارٹی کارکنا ن سے کہا کہ وہ پارٹی کی نظریاتی سیاست کو ریاست گجرات اور ملک کے تمام مظلوم، مجبور اور نا انصافی کے شکار اپنے حقوق سے محروم طبقات تک پہنچائیں۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر نے اس کانفرنس میں پارٹی عہدیداران ،اراکین اور مندوبین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ کانفرنس میں مہمان اعزازی کے طور پر شریک ایس ڈی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی ریاست گجرات میں عام لوگوں اور بالخصوص دلتوں، آدی واسیوں ، پسماندہ اور اقلیتی طبقات کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہے گی۔ اس کانفرنس کی صدارت ایس ڈی پی آئی گجرات کے کارگذار صدر عبدالحمید انصاری نے کی، نظامت کے فرائض پارٹی کے قومی مجلس عاملہ رکن اور گجرات اسٹیٹ کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نظام الدین خان نے انجام دیا۔ کانفرنس میں پارٹی کے صوبائی نائب صدر محترمہ کم کم بین راٹھور، ریاستی سکریٹری فاروق انصاری، فیضان انصاری اور ارشاد شیخ سمیت پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ ریاستی سکریٹری اکرام الدین شیخ نے سبھی مہمانوں اور مندوبین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعہ پر احمد آباد کے معروف سیاسی اور سماجی کارکن اڈوکیٹ اویس ملک نے ایس ڈی پی آئی کے نظریات اور کارگردگی سے متاثر ہوکر پارٹی کی رکنیت اختیار کی۔