Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, May 2, 2019

رمضان کے پیش نظر سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو ہدایت۔۔صبح 7 بجے کے بجائے 5 بجے سے کرائی جائے ووٹنگ۔


*نئی دہلی (صداۓوقت/ذراٸع)*
. . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . . .
رمضان کا مہینہ شروع ہونے والا ہے اور عام انتخابات میں کچھ مراحل کی ووٹنگ ابھی باقی ہے۔ ان مراحل میں مسلم روزہ داروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لیے سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پوچھا ہے کہ کیا رمضان کے دوران صبح 7 بجے کی جگہ صبح 5 بجے سے ووٹنگ کروائی جا سکتی ہے؟ سپریم کورٹ نے لوک سبھا انتخابات کے آئندہ مرحلے کی پولنگ تھوڑی جلد شروع کرنے سے متعلق ایک عرضی پر مناسب حکم جاری کرنے کی انتخابی کمیشن کو جمعرات کو ہدایت بھی دی۔
دراصل چیف جسٹس رنجن 

گوگوئی ،جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس سنجیوکھنہ کی بنچ نے پیشہ سے وکیل نظام پاشا کی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ عرضی گزار کی درخواست پر غور کرے اور اس پر مناسب حکم جاری کرے۔ نظام پاشا نے یہ عرضی اس لیے ڈالی تھی کیونکہ گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے اور رمضان میں مسلمان روزہ سے رہیں گے۔
عرضی گزارکی طرف سے سینئر وکیل میناکشی اروڑہ نے بنچ کے سامنے اپنی بات رکھی۔ انھوں نے بنچ سے درخواست کی کہ محکمہ موسمیات نے آنے والے باقی کے تین مرحلوں کی پولنگ کے دوران شدید گرمی کا اندیشہ ظاہر کیاہے اور ساتھ ہی مسلم بھائیوں کا مبارک رمضان بھی شروع ہورہاہے۔اس کے مدنظر پولنگ مقررہ وقت صبح سات بجے سے شروع کرنے کے بجائے کچھ پہلے شروع کرنے کی ہدایت کمیشن کودی جائے۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ گرم ہواؤں کے جھونکوں کی وجہ سے شام کو پولنگ کے اوقات میں توسیع صحیح نہیں ہوگی اس لیے صبح کے وقت ہی پولنگ جلد شروع ہونی چاہیے۔
قابل غور ہے کہ انتخابات شروع ہو جانے کے بعد جب تک کوئی بڑا معاملہ پیش نہیں آتا ہے، سپریم کورٹ انتخابی کمیشن کے کام میں مداخلت نہیں کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ سنانے کی جگہ انتخابی کمیشن کو ہی اس معاملے میں مناسب قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ اب یہ پوری طرح سے انتخابی کمیشن پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کیا فیصلہ لے گا۔
واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن کے 4 مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور اب صرف تین مراحل کی ووٹنگ باقی ہے۔ پانچویں مرحلہ کی ووٹنگ 6 مئی، چھٹے مرحلے کی ووٹنگ 12 مئی اور ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ 19 مئی کو ہونی ہے۔ انتخابات کے نتائج 23 مئی کو جاری ہوں گے۔