Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, May 24, 2019

ثابت قدمی، جہد مسلسل اور الیکشن کے نتائج سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مولانا خالد سیف اللہ رحمانی۔


حیدرآباد۔۲۴؍مئی:صدائے وقت۔
. . . . . . . . . .  . . . . . . . . . . . . . . . . 
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری وترجمان مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا ہے کہ اسلام اپنے آپ میں ایک سچائی ہے اور سچائی کبھی شکست نہیں کھاسکتی، اس لیے موجودہ الیکشن میں بی جے پی کی فتح اور سیکولر پارٹیوں کی شکست کو ہمیں اپنی 
شکست نہیں سمجھناچاہئے، 
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

یہ تو جمہوری نظام کاحصہ ہے کہ عوام کبھی ایک پارٹی اور نظریہ کا انتخاب کرتے ہیں اور کبھی دوسری پارٹی کا، یہ زیادہ سے زیادہ کچھ سیاسی پارٹیوں کی او رالیکشن میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کی شکست ہوسکتی ہے؛ لیکن مسلمانوں کی شکست نہیں ہوسکتی، مسلمان ایک ایسے دین کے حامل ہیں، جو ابدی صداقت پر مبنی اور فطرت انسانی سے ہم آہنگ ہے، ہمیں چاہئے کہ اس کو برادران وطن کے سامنے پیش کریں، ہمیں ہرگز حوصلہ نہیں ہارناچاہئے، اس طرح کے مایوس کن واقعات خود اس ملک میں کئی بار پیش آچکے ہیں او رمسلمان اپنے دین پر ثابت قدم رہے ہیں، اس لیے ہمیں عزم کرناچاہئے کہ ہم اپنی دینی شناخت ، ثقافتی پہچان اور ملی تشخص کے ساتھ اس ملک میں رہیں گے، ایک محب وطن شہری کی حیثیت سے ملک کو نفرت کی آگ سے بچائیں گے او رایک مسلمان کی حیثیت سے اسلامی اخلاق واقدار کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو فتح کریں گے، الیکشن کے موجودہ نتائج سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہم اسلام کا تعارف اور دین حق کی دعوت کو اپنی مہم بنائیں اور برادران وطن سے ہر سطح پر اپنے تعلقات کو استوار کریں، اس میں ان پارٹیوں کےلیے بھی بڑا سبق ہے، جو اپنےآپ کو سیکولر کہتی ہیں کہ الیکشن کے موقع پر وقتی کوشش کافی نہیں ہے، نفرت کی جگہ محبت اور فرقہ واریت کی جگہ اتحاد پیدا کرنے کےلیے جہدمسلسل اور سیاسی کوششوں کے ساتھ ساتھ سماجی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ان شاء اللہ  حالات بدلیں گے اور کیا عجب کہ جیسے اللہ تعالیٰ نے تارتاریوں کو اسلام کی پاسبانی کے لیے کھڑا کردیاتھا، ہندوستان میں ایسے ہی اسلام موافق حالات پیدا ہوں؛ البتہ ثابت قدمی اور جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔