Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, June 24, 2019

اندیش کمار کے دورے پر ہونیوالے ہنگامہ پر مفتی ابو القاسم نعمانی کی وضاحت۔

دارالعلوم کی روایت ہے کہ کسی کو دعوت دے کر نہیں بلایا جاتا، جو یہاں آتا ہے ہم اسے مہمان تصور کرتے ہیں
مفتی ابوالقاسم نعمانی۔
دیوبند ۲۳؍ جون ۔(ایجنسی / ذراٸع / صداٸے وقت ۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آر ایس ایس کی مسلم ونگ ’راشٹریہ مسلم منچ‘ کے صدر اندریش کمار کی دیوبند آمد اور دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے، اس ملاقات کو لے کر سوشل میڈیا پر بحث کا بازار گرم ہے۔ اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ یہاں آنے پر ہر ذمہ دار شہری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند عالمی شہرت یافتہ ادارہ ہے، اس کو دیکھنے اور سمجھنے کے لئے ہر مکتب فکر کے لوگ آتے رہتے ہیں۔ ادارے کی روایت یہ ہے کہ کسی کو دعوت دے کر بلایا نہیں جاتا البتہ جو دارالعلوم دیوبند میں آجاتا ہے ہم اس کو مہمان تصور کرتے ہیں۔واضح رہے راشٹریہ مسلم منچ کے صدر اندریش کمار دیوبند میں واقع اسلامک ڈگری کالج میں عید ملن تقریب میں شرکت کرنے کے لئے گئے تھے۔ تقریب کے بعد اندریش کمار نے دارالعلوم دیکھنے کی خواہش ظاہر کی تو کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اسجد ترکی نے دارالعلوم میں فون پر رابطہ کر کے پوچھا کہ کیا اندریش کمار دارالعلوم دیکھنے آ سکتے ہیں جس پر دارالعلوم سے مثبت جوب ملنے پر اندریش کمار وہاں گئے۔اندریش کمار کی آمد پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ ’’یہ کوئی پہلی بار نہیں، دارالعلوم دیوبند کی تاریخ میں متعدد مرتبہ آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے لوگ زیارت کے لئے آتے رہے ہیں۔ اندریش کمار کا آنا بھی ایسا ہی ہے، وہ آگئے تو ہم نے ان سے ملاقات کی‘‘۔واضح ہو کہ دارالعلوم میں اپنے دورے کے دوران اندریش کمار نے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے خیر سگالی ملاقات کی۔ دیر شام ادارہ کے مہمان خانہ میں پہنچے راشٹریہ مسلم منچ کے صدر اندریش کمار نے کہا کہ ’’میں یہاں بھائی چارے کی غرض سے آیا ہوں‘‘۔ اس دوران مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اندریش کمار کو دارالعلوم دیوبند سے متعلق تفصیلی معلومات دیتے ہوئے یہاں کے اکابرین کی ملک کی آزادی کے لئے دی گئی قربانیوں کے بارے میں بتایا اور تاریخ دارالعلوم دیوبند کا ہندی نسخہ دیا۔اپنی ملاقات کے دوران اندریش کمار نے مہتمم دارالعلوم دیوبند سے کہا کہ دارالعلوم دیوبند سے ایسا پیغام جاری کیا جائے جس سے پوری دنیا میں امن و سلامتی اور بھائی چارے کی روشنی پہنچے اور پورا ملک تعلیم و ترقی کے راستے پر گامزن ہو، اس پر مہتمم دارالعلوم دیوبند نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند روز اول سے تعلیم و تربیت اور امن وشانتی کا پیغام پوری دنیا میں پہنچاتا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جنگ آزادی کے لئے یہاں کے علماء نے بنیادی کردار ادا کیا ہے اور روز اول سے یہاں کے فضلاء ملک کی تعمیر و ترقی میں مصروف ہیں۔