Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, August 31, 2019

آسام این آر سی : موجودہ ممبر اسمبلی ، سابق ممبر اسمبلی اور ریٹائرڈ فوجی افسر کا نام حتمی فہرست سے غاٸب!

نٸی دہلی/صداٸے وقت/ذراٸع۔
=========================
آسام میں این آر سی کی حتمی فہرست میں جگہ نہیں پانے والوں میں کرگل جنگ میں حصہ لینے والے ایک سابق فوجی ، اے آئی یو ڈی ایف کے ایک موجودہ ممبر اسمبلی اور ایک سابق ممبر اسمبلی کے نام بھی شامل ہیں ۔ یہی حال کانگریس ممبر اسمبلی الیاس علی کی بیٹی کا بھی ہے ۔ علی اور ان کے کنبہ کے دیگر اراکین کے نام حالانکہ اس فہرست میں شامل ہیں ۔

کرگل جنگ میں حصہ لینے والے اور ریٹائرڈ فوجی محمد ثنا اللہ کو اس فہرست میں جگہ نہیں ملی ہے ، جنہیں فارن ٹربیونل کے ذریعہ غیر ملکی قرار دئے جانے کے بعد اس سال مئی میں کچھ دنوں تک حراست میں بھی رکھا گیا تھا ۔ ثنا اللہ کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹے کو بھی مبینہ طور پر شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ ان کی بیوی کا نام فہرست میں شامل ہے ۔
اے آئی یو ڈی ایف کے ممبر اسمبلی اننت کمار مالو جو بونگئی گاوں ضلع کے ابھے پوری جنوبی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ، نے کہا کہ وہ حتمی این آر سی فہرست میں اپنا نام نہیں تلاش کرسکے ہیں ۔ ممبر اسمبلی نے کہا کہ میرے بیٹے کا نام بھی این آر سی کی حتمی فہرست میں نہیں ہے ۔
اے آئی یو ڈی ایف کے ہی سابق ممبر اسمبلی عطا الرحمان کا نام بھی اس فہرست میں شامل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین یہ طے کرتا ہے کہ کون ہندوستان کا شہری ہے اور میرے پاس اس کو ثابت کرنے کیلئے سبھی ضروری دستاویز ہیں ۔ میں کٹیگورا سے دو مرتبہ ممبر اسمبلی رہ چکا ہوں ۔ سابق ممبر اسمبلی نے کہا کہ وہ قانون کی مدد لیں گے اور فارن ٹربیونل میں جاکر اپنا نام این آر سی میں شامل کروائیں گے ۔
خیال رہے کہ این آر سی کی حتمی فہرست گزشتہ روز جاری کی گئی ، جس میں 19 لاکھ سے زیادہ درخواست دہندگان کو باہر رکھا گیا ہے ۔