Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, December 21, 2019

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف کانگریس کا راج گھاٹ پر دھرنا اب ٢٣ دسمبر بروز پیر کو۔۔۔۔سونیا گاندھی، راہل و پرینکا کی شرکت متوقع۔

کانگریس نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اتوار کو راج گھاٹ پر دھرنا دینے کا پروگرام ملتوی کردیا ہے ۔ تاہم فی الحال دھرنا ملتوی کرنے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے ۔ اب یہ دھرنا 23 دسمبر کو ہوگا ۔ اس دھرنا پروگرام میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کے شامل ہونے کا امکان ہے ۔
نٸی دہلی /نماٸندہ /ذراٸع /صداٸے وقت۔
=============================
کانگریس کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ کے بعد پارٹی ذرائع نے بتایا کہ طلبہ کے آندولن کی حمایت اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف یہ دھرنا دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اس دھرنے میں کارگزار صدر سونیا گاندھی ، سابق صدر راہل گاندھی ، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور کانگریس کے کئی دیگر سینئر لیڈروں کے شامل ہونے کا امکان ہے ۔
کانگریس شہریت ترمیمی قانون کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس کی کھل کر مخالفت کررہی ہے ۔ پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو ایک بیان جاری کرکے سی اے اے اور این آر سی کو آئین کی اصل روح کے خلاف قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ عوام کی آواز دبانے کیلئے حکومت کے ذریعہ تاناشاہی کا تانڈو کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ شہریت قانون اور این آر سی کے نام پر غریبوں کا استحصال کیا جائے گا ۔

خیال رہے کہ دہلی میں انڈیا گیٹ پر ہفتہ کو سینکڑوں طلبہ ، پیشہ وروں اور سماجی تنظیموں کے کارکنان نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ نئے قانون سے ملک کے سیکولر تانے بانے کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ نام نہیں ظاہر کرنے کی شرط پر دہلی یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم نے کہا کہ بہت سے تعلیم یافتہ لوگوں کو یہ معلوم نہیں ہے کہ ملک میں کیا ہورہا ہے ۔ یہ قانون ملک کے سیکولر تانے بانے کو تباہ کرسکتا ہے ۔ این آر سی اور سی اے اے مل کر بڑی پریشانی کھڑی کرسکتے ہیں