Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, December 10, 2019

قاٸد کی پہچان پیش قدمی ہوتی ہے گوشہ نشینی نہیں !!

⁦✍️⁩⁦✍️⁩⁦✍️⁩ تابش سحر

مسلم پرسنل لاء کی ذمیداری شریعت میں مداخلت کو ناکام بنانا ہے (یہ الگ بات ہے کہ وہ اس میں بھی ناکام رہی) اب رہا مسلم قوم کی بقاء کا مسئلہ تو اِس سے اسے کوئی سروکار نہیں۔ 
جمعیت علماء کا فرضِ منصبی' اب فقط قیدیوں کو چھڑانا اور آفاتِ سماوی سے متاثرہ انسانوں کی مدد کرنا ہے، فضول پریشان ہورہے مسلمانوں کے لیے تو ہندوستان کا قانون ہی کافی ہے اس پر بھروسہ رکھیں۔
جماعتِ اسلامی کے مقاصد بھی دیگر تنظیموں کی طرح اجلے اجلے ضرور ہیں مگر اس میں بھی وقت کا دھارا موڑنے اور ظالموں کے خلاف کھڑے ہونے اور کرنے کی جرأت نہیں۔
جمعیت اہلِ حدیث فروعی مسائل میں اختلاف درج کروانے کے سلسلے میں کافی جوش و جذبہ ظاہر کرتی ہے لیکن شبِ تاریک کی ظلمت کو ایمانی طاقت سے جل رہے چراغوں کے ذریعہ ختم کرنا اس کی سرشت نہیں۔
بریلویت کے علم لہرانے والے بھائی عشقِ رسولؐ کے نعرے تو زور زور سے لگاتے ہیں مگر انقلاب زندہ باد اور سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہیں سننے کی توقع ان سے کبھی نہ رکھیے گا۔
مذہبی کارڈ کا استعمال کرنے والے سیاسی قائدین چند بیانات کے ذریعہ احتجاج درج کروادیں گے لیکن قوم کی نمائدنگی کا حق صبحِ قیامت تک ادا نہیں کرسکتے۔ 
مذکورہ بالا تنظیموں کے شاندار ماضی اور دوسرے کارناموں کے ہم قائل اور مدّاح ضرور ہیں لیکن اس مجرمانہ خموشی اور سکوت پر ہماری قوّتِ برداشت جواب دے چکی ہے۔
رکھیو غالبؔ مجھے اس تلخ نوائی میں معاف 
آج کچھ درد مرے دل میں سوا ہوتا ہے۔ (غالب)
مصیبت کی اس گھڑی میں کیا یہ ممکن نہیں کہ تمام نوٹ: - بڑی بڑی تنظیموں کے سربراہ و ارکان مشترکہ اجلاس منعقد کریں اور پھر امت کی قیادت کرتے ہوے عظیم احتجاج درج کروائیں۔
قائد کی پہچان پیش قدمی ہوتی ہے اور جو وقت پڑنے پر گوشہ نشیں ہوجائے اسے قائد نہیں کہا جاسکتا، اب بھی عام جنتا کا بھرم باقی ہے خدارا اس بھرم کو ٹوٹنے نہ دیں۔ 
تابش سحر