Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, January 22, 2020

عدالت کے فیصلہ سے انصاف کی امید لگائے کروڑوں لوگوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے .............. مولانا ارشدمدنی

نئی دہلی/ صداٸے وقت /22 جنوری۔2020/ذراٸع۔
=============================
 شہریت ترمیمی قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں داخل 144عرضیوں پر آج چیف جسٹس اے ایس بوبڑے کی سربراہی والی تین رکنی بینچ نے سماعت کی عدالت نے قانون پر فی الحال روک لگانے سے یہ کہہ کر انکارکردیاکہ اس پر پانچ ججوں کی آئینی بینچ ہی کوئی راحت دے سکتی ہے ، اس معاملہ پر جواب دینے کےلئے مرکزکو چارہفتہ کا مزید وقت دیا گیا ہے علاوہ ازیں شہریت قانون کے خلاف ہائی کورٹوں میں داخل عرضیوں کی سماعت پر عدالت نے روک لگادی ہے جبکہ آسام اور تری پورہ کے معاملوں کو اس سے الگ رکھا گیا ہے۔
 شہریت قانون کے خلاف داخل عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی عدالت نے قانون کو فی الحال بحال رکھنے اور مرکزکو جواب داخل کرنے کے لئے جس طرح چارہفتہ کی مزید مہلت دی ہے اس پر جمعیةعلماءہند کے صدرمولانا سیدارشدمدنی نے سخت تشویش کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں امید تھی کہ کوئی مثبت پیش رفت ہوگی انہوں نے کہا کہ اگر عدالت قانون کے نفاذ پر روک لگادیتی تو ملک بھرمیں اس قانون کے منظوری کے بعد خوف ودہشت کا جو ماحول قائم ہوا ہے اس میں بڑی حدتک کمی آجاتی اور جگہ جگہ ہورہے مظاہرے بھی بڑی حدتک تھم جاتے مگر افسوس کہ ایسا نہیں ہوا۔
 مولانا مدنی نے کہا کہ ملک بھرمیں شدید احتجاج اور مظاہرے کے بعد بھی حکومت کہہ رہی ہے کہ اس قانون میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی اس صورت میں ملک کے تمام انصاف پسند لوگوں کی امید یں اور آرزویں ملک کی سب سے بڑی عدالت سے ہی وابستہ ہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سیاہ قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں ریکارڈ 144عرضیاں داخل ہیں اوران سب میں اس قانون کو آئین مخالف قراردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ چونکہ اس قانون سے آئین کے تمہید کی صریحا خلاف ورزی ہوتی ہے اس لئے اس پر پابندی لگنی چاہئے انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ سرآنکھوں پر لیکن اس سے ملک کے ان کروڑوں ہندو،مسلم ، سکھ اور عیسائی کو سخت مایوسی ہوئی ہے جو پچھلے ایک ماہ سے سخت سردی ، ٹھٹھرن اور بارش میں کھلے آسمان کے نیچے بیٹھ کر اس کالے قانون کے خلاف پرامن مگر مثالی احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے باوجود حکومت آمرانہ روش اختیارکرکے اس آئین مخالف قانون کو سب پر تھوپنا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ 18دسمبرکو اسے جواب داخل کرنے کے لئے جو ایک ماہ کی مہلت عدالت نے دی تھی اسے اس نے ضائع کردیا جبکہ اسے آج مکمل حلف نامہ داخل کرنا چاہئے تھا اس سے حکومت کی منشاءکا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔ انہوں نے ایک بارپھر وضاحت کی کہ جمعیةعلماءہند کا شروع سے یہ مانناہے کہ جن مسائل کا حل سیاسی طورپر نہ نکلے اس کے خلاف قانونی جدوجہد کا راستہ اپنانا چاہئے ، کئی اہم معاملوں میں اس نے ایسا کیا ہے اور عدلیہ سے انصاف بھی ملا ہے چنانچہ اس معاملہ میں بھی جمعیةعلماءہند نے وکیل آن ریکارڈ ارشادحنیف اور سینئر ایڈوکیٹ ڈاکٹر راجیودھون کے مشورہ سے ایک رٹ پیٹشن شروع میں ہی داخل کی تھی۔
 مولانامدنی نے کہا کہ جو لوگ اسے ہندومسلم کا مسئلہ سمجھتے ہیں وہ غلطی پر ہیں سچائی یہ ہے کہ یہ ملک کے آئین ودستورسے جڑاہواایک انتہائی اہم معاملہ ہے البتہ بعض لوگوں کی جانب سے اسے مسلسل ہندومسلم بنانے کی دانستہ کوششیں ہورہی ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ اس کے خلاف ملک بھرمیں لوگ مذہب ذات پات اور برادری سے اوپر اٹھ کر احتجاج کررہے ہیں گویا دوسرے لفظوں میں یہ کہا جاسکتاہے کہ اس سیاہ قانون نے سب کو ایک دوسرے سے جوڑدیا ہے اور جولوگ باہمی اتحاداور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کا خواب دیکھ رہے تھے انہیں سخت مایوسی ہاتھ لگی ہے ، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں جہاں جہاں شاہین باغ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طرزپر مظاہرے ہورہے ہیں ان میں ایک بڑی تعدادہمارے غیرمسلم بھائیوں کی ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پچھلے چھ سال کے دوران حکومت نے نفرت کی جودیوارمختلف جذباتی اور مذہبی ایشوزکو ہوادیکر ہندووں اور مسلمانوں کے درمیان منصوبہ بندطریقہ سے کھڑی کی تھی ان مظاہروں نے اس دیوارکو پوری طرح مسمارکردیا ہے اور یہی ہماری اصل طاقت ہے درحقیقت یہ ہندوستان کی طاقت ہے جس کے آگے اقتدارکے نشہ میں چور انگریزوں نے بھی گھٹنے ٹیک دیئے تھے انہوں نے آخر میں کہا کہ ان حتجاج اور مظاہروں کو عام احتجاج یا مظاہرہ نہ سمجھاجائے بلکہ یہ ایک نئے انقلاب کی آہٹ ہے اور مرکزی حکومت نوشتہ دیوار کو پڑھنے کی کوشش کرے ورنہ کل تک بہت دیر ہوسکتی ہے۔