Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, January 15, 2020

دریا گنج تشدد معاملہ ۔۔بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد کو ملی ضمانت ، مگر عدالت نے رکھی شاہین باغ نہ جانے کی شرط۔

عدالت کی طرف سے چندر شیکھر کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ شاہین باغ نہیں جائیں گے اور نہ ہی وہاں جاری احتجاج میں وہ کسی بھی طرح شامل ہونے کی کوشش کریں گے ۔
نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع /١٥ جنوری ٢٠٢٠۔
==============================
بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کو سی اے اے کے خلاف پرانی دہلی کے دریا گنج علاقہ میں تشدد کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا ، جس میں سماعت کے بعد تیس ہزاری کورٹ نے آزاد کو ضمانت دیدی ہے ۔ ساتھ ہی عدالت نے ایک شرط بھی عائد کی ہے ۔ عدالت نے شرط میں کہا ہے کہ اگلے چار ہفتوں تک دہلی میں چندر شیکھر آزاد نہیں رہیں گے ۔
دہلی میں الیکشن ہونے والا ہے ، ایسے میں سیکورٹی کے پیش نظر دہلی الیکشن میں کوئی خلل نہ پڑے ، اس لئے چندر شیکھر کو سخت ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس معاملہ میں جب تک چارج شیٹ داخل نہیں ہوجاتی ہے ، آزاد سہارنپور میں ہر ہفتہ کو ایس ایچ او کے سامنے اپنی حاضری دیں گے ۔ وہیں عدالت کی طرف سے چندر شیکھر کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ شاہین باغ نہیں جائیں گے اور نہ ہی وہاں جاری احتجاج میں وہ کسی بھی طرح شامل ہونے کی کوشش کریں گے ۔
بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر عرف راون کی ضمانت پر سماعت کے دوران تیس ہزاری کورٹ نے انہیں پھٹکار بھی لگائی ۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو انسٹی ٹیوشن اور وزیر اعظم کا احترام کرنا چاہئے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ جو گروپ احتجاج کرتا ہے ، املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی اسی گروپ پر لگتا ہے ۔