Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, January 12, 2020

: یوکرینی طیارہ گرنے سے متعلق ’جھوٹ‘ بولنے پر تہران میں حکومت مخالف مظاہرے،

ایران کے دارالحکومت تہران میں سینکڑوں مظاہرین نے حکام کی جانب سے یوکرینی طیارہ گرائے جانے کے اعتراف کے بعد ایرانی حکومت ’جھوٹا‘ قرار دیا ہے۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع /١٢ جنوری ٢٠٢٠۔

==============================

سنیچر کو ایران نے تسلیم کیا تھا کہ اس نے ’غیر ارادی طور پر‘ یوکرین کا مسافر طیارہ مار گرایا تھا جس سے مسافر اور عملہ سمیت جہاز پر سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تہران میں کم از کم دو جامعات کے باہر مظاہرے دیکھنے میں آئے جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا ہے۔ جبکہ مظاہرے کے بعد تہران میں برطانیہ کے سفیر روب میکایئر کو بھی گرفتار کیا گیا، جنھیں تین گھنٹے تحویل میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ’متاثر کن‘ مظاہروں کے لیے اپنی حمایت کا اعلان فارسی اور انگریزی میں لکھی گئی دو ٹویٹس میں کیا ہے۔

یوکرین کی بین الاقوامی فضائی کمپنی کی پرواز پی ایس 752 بدھ کو ایران کے دارالحکومت تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیئو جانے کے لیے پرواز بھری تاہم طیارہ چند ہی منٹ بعد گِر کر تباہ ہو گیا تھا۔

اس کے گرنے کی اطلاعات اس وقت آئیں تھیں جب ایران جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی میں عراق میں موجود دو امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کر رہا تھا۔ 3 جنوری کو ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی بغداد میں موجود تھے جب انھیں صدر ٹرمپ کے حکم کے تحت ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔

مظاہروں میں کیا ہوا؟

ایران مظاہرے

اطلاعات کے مطابق ایران کے طلبا نے تہران میں ’شریف‘ اور ’امیر کبیر‘ نامی دو یونیورسٹیوں میں مظاہرے کیے۔ ابتدائی طور پر وہ طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے متاثرین کی یاد میں تقریب کا انعقاد کر رہے تھے تاہم بعد ازاں یہ تقاریب مظاہروں کی شکل اختیار کر گئیں اور سنیچر کی شام تک انھوں نے شدت اختیار کر لی تھی۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس نے بدامنی سے متعلق ایک انوکھی رپورٹ بھی جاری کی جس میں کہا گیا کہ ایک ہزار کے قریب لوگوں نے ایرانی رہنماؤں کے خلاف نعرے لگائے اور جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر پھاڑ دیں ہیں۔

طلبا نے مطالبہ کیا کہ وہ ایرانی اہلکار جنھوں نے طیارہ گرایا یا اس حادثے کو ’چھپانے کی کوشش کی‘ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

ان نعروں میں ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ ای کی طرف بھی اشارہ کیا گیا اور ان کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ ’جھوٹ بولنے والوں کو مار دیا جائے‘ جیسے الفاظ نعروں کا حصہ تھے۔

ایران مظاہرے

اس خبر کے مطابق پولیس نے ان مظاہرین کو منتشر کیا جنھوں نے سڑکوں کو بلاک کر رکھا تھا۔ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی گئی۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی حکومتی اقدامات کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا ’میں اپنے ملک کے حکام کو کبھی معاف نہیں کروں گا۔ ان لوگوں کو جو سب جانتے ہوئے جھوٹ بول رہے تھے۔‘

تاہم یہ مظاہرے اس بڑے ہجوم سے کافی چھوٹے تھے جو ایران کے کئی شہروں میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ان کے لیے تین روزہ سوگ میں دیکھے گئے۔