Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, January 6, 2020

تہران میں ایرانی جرنیل کے جنازے میں بڑی تعداد میں عوام شریک، مرگ بر امریکہ کے نعرے۔۔۔۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک بہت بڑے مجمع نے بغداد میں امریکی حملے میں شہید ہوٸے جرنیل قاسم سلیمانی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی ہے۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع۔/ایجینسیاں۔

==============================

پیر کو تہران میں جنرل سلیمانی کی نمازِ جنارہ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی اور اس میں صدر حسن روحانی، چیف جسٹس ابراہیم رئیسی، پارلیمان کے سپیکر علی لاریجانی، قدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قانی سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

قاسم سلیمانی کو ایران میں ایک قومی ہیرو کا درجہ حاصل تھا اور انھیں ملک میں آیت اللہ خامنہ ای کے بعد سب سے طاقتور شخصیت سمجھا جاتا تھا۔

جنرل سلیمانی کو جمعے کی صبح بغداد کے ہوائی اڈے کے باہر ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے میں ان کے ساتھ موجود ایران نواز عراقی ملیشیا کتائب حزب اللہ کے کمانڈر ابومہدی مہندس سمیت پانچ افراد مارے گئے تھے۔

قاسم سلیمانی سمیت دیگر ہلاک شدگان کی میتیں سنیچر کو ایران کے صوبے خوزستان میں اہواز کے ہوائی اڈے پر لائی گئی تھیں جہاں اتوار کو لاکھوں افراد نے ان کے جنازے کے جلوس میں شرکت کی تھی۔

پیر کو تہران میں ان کے جنازے کے موقع پر بھی شہر کی شاہراہیں اور گلیاں سیاہ پوش لوگوں سے بھری ہوئی تھیں جنھوں نے ایرانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور امریکہ مخالف نعرے لگا رہے تھے۔

قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا تھا جبکہ ایران نے کہا ہے کہ وہ اپنے جرنیل کی ہلاکت کا بدلہ لے گا۔ ایران نے اس حملے کے بعد 2015 کے عالمی جوہری معاہدے سے بھی دستبردار ہو کر یورینیئم کی افزودگی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

قاسم سلیمانی کا جنازہ

ایران کے سرکاری ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق تہران کی سڑکوں پر عوام بہت بڑی تعداد میں اپنے ’قومی ہیرو‘ کے سفرِ آخرت میں شریک ہوئے۔

قاسم سلیمان کی نمازِ جنازہ کے موقع پر آیت اللہ علی خامنہ ای کے علاوہ مقتدیوں کی بڑی تعداد بھی آبدیدہ نظر آئی۔ جنازے کے جلوس میں شریک افراد نے قاسم سلیمانی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ ’مرگ بر امریکہ‘ یا امریکہ مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔

تہران میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد جنرل سلیمانی کی میت قم لے جائی جائے گی جس کے بعد انھیں منگل کو ان کے آبائی شہر کرمان میں سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔

جنازے کے موقع پر قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اسے اس اقدام پر ’سیاہ دن‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’خبطی ٹرمپ یہ نہ سمجھنا کہ میرے والد کی شہادت کے ساتھ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔‘

ایرانی صدر حسن روحانی نے قاسم سلیمانی کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکیوں کو اس بات کا ادراک نہیں کہ انھوں نے کیا سنگین غلطی کر دی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ان کے خون کا بدلہ اس دن مکمل ہو گا جب خطے سے امریکہ کے گندے ہاتھ ہمیشہ کے لیے دور کر دیے جائیں گے۔‘