Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, February 25, 2020

شمال مشرقی دہلی میں ایک ماہ تک کے لیے دفعہ ۔144نافذ.تشدد میں اب تک 7 افراد ہلاک ۔

نئی دہلی،/صداٸے وقت / 25 فروری 2020 /ذراٸع۔
===============================
 شمال مشرقی دہلی میں پیر دیر رات جس طرح پر تشدد واقعات ہوئے ، اسے لے کر پہلے ہی خدشہ تھا۔ اسی کے پیش نظر دہلی پولیس کی جانب سے شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی، لیکن لوگوں نے اس حکم کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تشدد کیا۔ اس میں اب تک سات افراد کی موت ہو چکی ہے۔ پولیس نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے اور اس کے ساتھ یہ ہدایات دی ہیں کہ اگر کوئی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرے گا ،تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شمال مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر وید پرکاش سورج کی طرف سے اس بارے میں حکم جاری کیا گیا ہے۔ پیر کے روز جاری اس حکم میں انہوں نے کہا ہے کہ جس طریقے سے شمال مشرقی ضلع میں لوگ مظاہرہ کر رہے ہیں، اس سے نظم ونسق کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک میں بھی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ بغیر اجازت کے یہاں مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ اس میں سماج دشمن عناصر شامل ہو رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر لوگوں کی حفاظت کے لئے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کی جا رہی ہے ۔ 
دفعہ 144 کے بعد اب اس ضلع میں ہتھیار، ڈنڈا، مشعل لے کر کوئی نہیں چل سکتا۔ چار اور اس سے زیادہ لوگوں کو ایک ساتھ جمع ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ لوگوں کو بھڑکانے کے مقصد سے پرچے بانٹنے کا کام یا سوشل میڈیا پر اس طرح کی بات پھیلانے والے کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ حکم 24 فروری سے لے کر 24 مارچ تک جاری رہے گا۔ 
اب تک سات افراد ہلاک
دہلی پولیس کے مطابق پیر کے روز ہوئے تشدد میں اب تک 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وہی تقریباً ایک درجن لوگوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ مذکورہ واقعہ میں 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔ اس واقعہ میں زخمی ہوئے ڈپٹی کمشنر امت شرما کی حالت پہلے سے بہتر بتائی جا رہی ہے۔