Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, February 26, 2020

مسجد کس نے جلائی، مینار پر کس نے پرچم لگائے؟دہلی کے اشوک نگر کی مسجد کے متعلق بی بی سی کی گراونڈ رپورٹ۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت /بشکریہ بی بی سی۔
==============================
انڈیا کے دارالحکومت نئی دلی کے شمال مشرقی علاقے میں سفید اور سبز رنگ والی مسجد کے سامنے درجنوں افراد جمع ہیں۔ اس مسجد کا اگلا حصہ جلا دیا گیا ہے۔
بدھ کی صبح جب بی بی سی نے اشوک نگر کی گلی نمبر پانچ کے قریب بڑی مسجد کے باہر نوجوانوں سے بات کرنے کی کوشش کی تو ان کے ردعمل میں غم و غصہ واضح طور پر نظر آیا۔
ہم ان کے پیچھے چلتے ہوئے مسجد میں داخل ہوئے۔ اندر فرش پر نیم جلے ہوئے مصلے اور قالین نظر آئے اور ادھر ادھر ٹوپیاں بکھری ہوئی تھیں۔

یہ وہی مسجد ہے جس کے بارے میں منگل کو اطلاع ملی تھی کہ ہجوم میں شامل کچھ لوگوں نے اس کے مینار پر ترنگا اور بھگوا (زعفرانی) پرچم لہرایا تھا۔
اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئیں جس کے بعد دہلی پولیس کا بیان آیا کہ ’اشوک نگر میں ایسا کوئی واقعہ نہیں آیا ہے۔‘
لیکن جب ہم وہاں پہنچے تو مسجد کے مینار پر ہم نے ترنگا (انڈیا کا پرچم) اور بھگوا پرچم لگا ہوا دیکھا۔
مسجد کے باہر جمع لوگوں نے بتایا کہ منگل کو اس علاقے میں داخل ہونے والے ہجوم نے یہ سب کچھ کیا تھا۔
مسجد کے اندر عابد نامی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس رات کے وقت مسجد کے امام کو اٹھا کر لے گئی تھی۔
لیکن اس بارے میں یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ مسجد کے امام سے بات نہیں ہو سکی۔
جب ہم یہاں پہنچے تو قریب ہی ایک پولیس کی گاڑی کھڑی تھی جو کچھ دیر بعد وہاں سے چلی گئی۔
مسجد کو ہونے والے نقصان سے غمگین ریاض صدیقی نے کہا کہ 'آخر ایسا کرنے سے لوگوں کو کیا حاصل ہوتا ہے؟'
ہم نے اس علاقے کی ہندو برادری سے بھی بات کی۔ ان لوگوں نے بتایا کہ یہ مسجد یہاں بہت برسوں سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مسجد کو نقصان پہنچانے والے لوگ باہر سے آئے تھے۔
بعض مقامی ہندو افراد نے کہا کہ اگر وہ ان لوگوں کو روکنے کی کوشش کرتے تو شاید وہ بھی مارے جاتے۔