Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, February 27, 2020

دہلی تشدد: ہائی کورٹ کے جج مرلیدھر کا ٹرانسفر قابل افسوس اور شرم ناک : پرینکا گاندھی

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع ۔ 27 فروری 2020۔
==============================
دہلی تشدد کی سماعت کرنے والے ہائی کورٹ کے جسٹس مرلیدھر کے ٹرانسفر پر کانگریس کی اعلی قیادت نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابل افسوس اور شرم ناک قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز تشدد پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس مرلیدھر نے دہلی پولیس کو پھٹکار لگائی تھی اور بی جے پی لیڈران کپل مشرا، انوراگ مشرا اور پرویش ورما کے اشتعال انگیز بیان بازی کرنے کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا، ’’اس موقع پر جج لویا یاد آ رہے ہیں، جن کا تبادلہ نہیں ہوا تھا۔‘‘
خیال رہے کہ جج لویا کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی تھی، جو کہ سہراب الدین کیس کی سماعت کر رہے تھے۔ ان کی موت کے بعد کئی سوالات کھڑے ہو گئے تھے۔ اس معاملہ میں موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ کا نام بھی لیا گیا تھا۔ کئی کوششوں کے باوجود ان کی مشکوک موت کا دوبارہ جائزہ نہیں لیا جا سکا۔ اس حوالہ سے ملک بھر میں آواز اٹھائی گئی تھی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی نے بھی جج مرلیدھر کی منتقلی پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ، "موجودہ تنازعہ کے پیش نظر جسٹس مرلیدھر کی آدھی رات کی منتقلی حیرت کی بات نہیں ہے ، لیکن یہ مکمل طور پر المناک اور شرمناک ہے۔ لاکھوں ہندوستانی ایک انصاف پسند اور دیانتدار عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں ، انصاف کو ناکام بنانے اور ان کا اعتماد توڑنے کے لئے حکومت کی کوششیں جاری  ہیں۔ ”