Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, February 27, 2020

جمیعتہ علماہ ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کا فساد زدہ علاقوں کا دورہ۔۔۔راحت رسانی کا کام جاری

جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں فساد متاثرین کے لیے راحت و بچائو کا کام تیزسینکروں لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا،مولانا مدنی نے متاثرین سے ملاقات میں کہا کہ یہ سرزمین ہماری ہے اور رہے گی،ہمیں یہاں سے کوئی ہٹا نہیں سکتا۔
  
نئی دہلی(صداٸے وقت۔27فروری2020)۔
=============================
مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں جمعیۃ کے ایک وفد نے دہلی فساد کے متاثرہ علاقے مصطفی آباد واطراف کا دورہ کیا اورمتاثرین سے ملاقات کرکے ان کی دکھ بھری داستان سنی۔دریں اثنا مولانا مدنی نے ظہر کی نماز کے بعد النور مسجد مصطفی باد میں اپنے مختصر خطاب میں غم زدہ لوگوں کو حوصلہ دیا اور کہا کہ بھارت ہمارا تھا،ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا، ہمیںکسی بھی حالت میں گھبرانا نہیں ہے؛ساتھ ہی ہمیں مشکلات میں صبر و حوصلے کے ساتھ رجو ع الی اللہ کرنا چاہیے ۔
دوسری طرف ان کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کی ٹیم نے فوری طور سے راحت و بچائو کا کام تیز کردیا ہے ، آج مصطفی آباد، کراول نگر، کھجوری،کردم پوری بھجن پورہ سے تین سو تیس لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا گیا ، گھونڈہ موجپور کے مدرسہ سیدنا ابوبکر میںپھنسے پندرہ چھوٹے چھوٹے طالب علموں کو نکال کر باحفاظت مدرسہ باب العلوم جعفرآباد پہنچا یا گیا ،اس مدرسہ کے مہتمم اور جمعیۃعلماء صوبہ دہلی کے نائب صدر مولانا دائود امینی نے اعلان کیا ہے کہ جہاں پر بھی طلباء پھنسے ہوئے ہیں وہ باب العلوم میں آکر پناہ لے سکتے ہیں ۔ جمعیۃ علماء ہند کے کارکنان نے فاروقیہ مسجد برج پوری پلیہ کا بھی معائنہ کیا، جہاں شرپسند عناصر نے پوری مسجد کو جلادی ہے ، پنکھے، کولر ، ٹنکی، قالین اور صفوں کے ساتھ ساتھ طاقوںمیں رکھے قرآن کریم کے درجنوں نسخوںکو بھی نذر آتش کردیا ہے ،مسجد کی چھت پر ابھی تک آگ سلگ رہی ہے۔ ضرورت مندوں تک ضروری اشیائے خوردنی بھی پہنچائی جارہی ہے
آج جمعیۃعلماء ہند کے وفد میں مولانا محمود مدنی کے علاوہ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ، مولانا ضیا ء اللہ قاسمی، مولانا قاری محمد عارف قاسمی ،مولانا محمد یاسین جہازی، مولانا جمال قاسمی، مولانا عرفان قاسمی کے علاوہ مقامی ذمہ داروں میں مولانا داود امینی نائب صدر جمعیۃ علماء دہلی،  مولانا عبدالسبحان قاسمی صدر جمعیۃ علماء چاندنی چوک ، مفتی ذکاوت قاسمی شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ،مولانا غیور احمد قاسمی، قاری ارشاد احمد مصطفی باد،قاری احرار الحق جوہر، مولانا ذاکر، مولانا اخلاق وغیرہ موجود تھے۔اس کے کئی ذمہ دا ران اور کارکنان راحت کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔