Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, February 15, 2020

شاہین باغ: سپریم کورٹ میں اپنا موقف پیش کرنے کی خاتون مظاہرین کی تیاری.

نئی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع 
==============================
 شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بدستور جاری ہے۔ یہاں کی سڑک کھولنے کے لئے دائر کی گئی درخواست پر سپریم کورٹ 17 فروری کو سماعت کرنے جا رہا ہے۔ شاہین باغ کی خاتون مظاہرین بھی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران اپنا موقف پیش کرنے کے لئے تیاری کر رہی ہیں۔
مظاہرے کو رضاکارانہ طور پر تعاون کرنے والے سونو وارثی نے کہا، ’’شاہین باغ کے حوالہ سے سپریم کورٹ میں سماعت ہونے جا رہی ہے اور مظاہرین کی طرف سے مقدمہ میں کوئی فریق نہیں ہے۔ محمود پراچہ خود کو ’لیگل اتھارٹی‘ کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جو غلط ہے۔‘‘ نہ تو ان کے پاس شاہین باغ کی مظاہرین کا دستخط شدہ وکالت نامہ ہے اور نہ ہی کوئی دیگر موزوں دستاویز۔ انہوں نے کہا ’’یہاں کا اصل چہرہ یہاں کی خواتین ہیں۔ ہم سپریم کورٹ میں بھی خواتین کو پیش پیش رکھیں گے۔ بالخصوص یہاں کی دادیاں یعنی ’دبنگ دادياں سپریم کورٹ میں موجود رہیں گی۔‘‘ 
انہوں نے کہا، ’’شاہین باغ نے طے کیا ہے کہ اب ہم اپنا قانونی موقف سپریم کورٹ کے سامنے پیش کریں گے۔ اس کے لئے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ہمارا جو بھی وکیل ہوگا وہ دادیوں کے ہمراہ پیش ہوگا۔ فی الحال تمام عوامل پر غور کیا جا رہا ہے۔ جلد ہی اس کے حوالہ سے آگاہ کیا جائے گا۔‘‘ شاہین باغ کی جانب سے وکیل انس تنویر صدیقی اپنا موقف پیش کریں گے۔