Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, February 17, 2020

اسد الدین اویسی کے ٹیوٹ پر اکھاڑا پریشد نے کیا شدید رد عمل کا اظہار ،

اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندر گری اور یوگ گرو آنند گری نے ایم آئی ایم صدر اسد الدین اویسی پر شیو بھکتوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔

الہ آباد :اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع /17 فروری 2020.
==============================
 بنارس سے اندور کے درمیان چلنے والی نئی ٹرین کا شی مہا کال ایکسپریس میں ایک سیٹ بھگوان شیو کیلئے مستقل طور پر مختص کئے جانے کے معاملہ میں اسد الدین اویسی کے ٹیوٹ پر اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندر گری اور یوگ گرو آنند گری نے ایم آئی ایم صدر اسد الدین اویسی پر شیو بھکتوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ الہ آباد میں میڈیا سے بات  کرتے ہوئے مہنت نریندر گری اور مہنت آنند گری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مسلمانوں کو ملنے والی سہولیات کے بارے میں اویسی نے کبھی اعتراض نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسد الدین اویسی کا کام صرف وزیر اعظم مودی کی مخالفت کرنا رہ گیا ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو وزیر اعظم مودی نے اپنے انتخابی حلقہ بنارس سے کاشی مہا کال ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا تھا ۔ یہ ٹرین بنارس اور اندور کے درمیان ہفتہ میں تین چلائی جائے گی ۔ ہفتہ میں دودن لکھنؤ سے اورایک دن الہ آباد جنکشن سے ہوکر جائے گی ۔ نام کی مناسبت سے اس ٹرین میں ایک سیٹ بھگوان شیو کیلئے ریزرو رکھی گئی ہے ۔ حکومت کے اس فیصلہ پر اسد الدین اویسی نے سوال اٹھائے تھے۔ پی ایم او کی طرف سے جاری کاشی مہا کال میں بھگوان شیو کی سیٹ ریزرو کرانے کی خبر کے ٹیوٹ کے جواب میں ایم آئی ایم صدراسد الدین اویسی نے ملک کے آئین کی کاپی ٹیوٹ کی تھی ۔
اکھاڑا پریشد نے اویسی کے اس ٹیوٹ پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اکھاڑا پریشد کے یوگ گرو مہنت آنند گری نے بھی اویسی کے ٹیوٹ کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسد الدین اویسی سماج میں مذہبی منافرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں ۔ آنند گری کا کہنا تھا کہ مہاکال ایکسپریس میں ایک سیٹ بھگوان شیو کیلئے مخصوص کئے جانے کا فیصلہ مذہبی عقیدت سے وابستہ ہے ۔ ایسے میں اسدالدین اویسی کو اس معاملہ میں بولنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔