Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, March 13, 2020

اردو کے فروغ میں مدرسة الاصلاح کا کردار پر قومی سیمینار کل(بروز سنیچر ).قومی

’’اردو کے فروغ میں مدرسۃ الاصلاح کا کردار ‘‘ 
  اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اشتراک سے قومی سمینار ہفتہ کو.

اعظمگڑھ ۔۔۔اتر پردیش /صداٸے وقت / ڈاکٹر نازش احتشام ۔١٣ مارچ ٢٠٢٠ بروز جمعہ۔

==============================
اردو زبان وادب کے فروغ و اشاعت اور اس کی مختلف ومتنوع اصناف سخن میں فضلائے ’’ مدرسۃ الاصلاح‘‘ نے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔نثرو نظم ،تحقیق وتنقید سمیت اصول و قواعد حتی کہ فلسفہ و بلاغت وصحافت جیسے پر پیچ اور خشک موضوع پر بھی مدرسۃ الاصلاح کے فارغین کے زرین کارنامے صفحہ قرطاس پر اترکر اردو زبان وادب کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوگئے ہیں۔مدرسۃ الاصلاح کے فضلاء کی انہیں خدمات کے متنوع گوشوں کو منظر عام پر لانے اور عوام الناس تک پہنچانے کے مقصد سے آئندہ 14  مارچ 2020 بروز ہفتہ ساڑھے نو بجے صبح ، کانفرنس ہال ،انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز،ابو الفضل انکلیو،جامعہ نگر نئی دہلی میں اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ، حکومت ہند کے اشتراک سے قومی سمینار بعنوان ’’ اردو کے فروغ میں مدرسۃ الاصلاح کا کردار ‘‘ منعقد ہونے جارہا ہے۔سمینار کی صدارت ڈاکٹر عنایت اللہ اسد سبحانی کریں گے۔ جبکہ ڈاکٹر ایاز احمد اصلاحی مہمان خصوصی کے طور پر شریکِ سمینار رہیں گے۔ بطور مہمان اعزازی مرزا قمر الحسن بیگ، ڈائرکٹر جامعہ کو آپریٹیو بنک، نئی دہلی شرکت کررہے ہیں۔سمینار میں زبان و ادب کی مختلف اصناف واردو شخصیات کے کارناموں پر محققانہ اور مبسوط مقالے پیش کرنے کی غرض سے ایک درجن سے زائد فضلائے مدرسۃ الاصلاح ملک کے مختلف صوبوں اور جامعات سے دہلی تشریف لارہے ہیں۔  
 سمینار میں پروفیسر ابو سفیان اصلاحی ، شعبہ عربی ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا کلیدی خطاب ہوگا۔ جبکہ مولانا اشہد جمال ندوی سمینار کی نظامت کریں گے۔ سمینار کی تفصیلات بتاتے ہوئے اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کے بانی و جنرل سکریٹری حکیم نازش احتشام اعظمی نے مدرسۃ الاصلاح کے متعلقین و متوسلین اور زبان وادب کے فروغ وارتقا کے فکرمند ذی شعور اہل فکرو فن سے کثیر تعداد میں شریک ہوکر سمینار کی تاریخی اہمیت میں اضافہ کے لیے اپنا ایثار پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔