Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, March 21, 2020

وزیر اعظم مودی کی باشندگان وطن سے اپیل ، کورونا کے ڈر سے شہر چھوڑ کر نہ جائیں ، کچھ دن وہیں رہیں

وزیر اعظم مودی نے ایک دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ میری سب سے اپیل ہے کہ آپ جس شہر میں ہیں ، برائے کرم کچھ دن وہیں رہئے ۔

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع /٢١ مارچ ٢٠٢٠۔
==============================
ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔ اب تک ملک میں 296 کیسز سامنے آچکے ہیں ۔ کورونا کے خوف سے لوگ اپنے گاوں اور گھر لوٹنے لگے ہیں ، جو روزی روٹی کی تلاش میں شہروں میں آئے تھے ۔ اس درمیان وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے ملک کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچھ دن اسی شہر میں رہیں ، جس شہر میں ابھی تک رہ رہے تھے ۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ کورونا کے ڈر سے میرے بہت سے بھائی بہن جہاں روزی روٹی کماتے ہیں ، ان شہروں کو چھوڑ کر اپنے گاوں کی جانب لوٹ رہے ہیں ۔ بھیڑ بھاڑ میں سفر کرنے سے اس کے پھیلنے کا خطرہ بڑھتا ہے ۔ آپ جہاں جارہے ہیں ، وہاں بھی یہ لوگوں کیلئے خطرہ بنے گا ۔ آپ کے گاوں اور اہل خانہ کی مشکلات بھی بڑھائے گا ۔
وزیر اعظم نے ایک دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ میری سب سے اپیل ہے کہ آپ جس شہر میں ہیں ، برائے کرم کچھ دن وہیں رہئے ۔ اس سے ہم سب اس بیماری کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں ۔ ریلوے اسٹیشنوں ، بس اڈوں پر بھیڑ لگا کر ہم اپنی صحت کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں ۔ برائے کرم اپنی اور اپنے کنبہ کی فکر کیجئے ۔ ضروری نہ ہو تو اپنے گھر سے باہر نہ نکلئے ۔
قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کو لے کر صحیح معلومات ہی شیئر کریں اور غلط طریقوں سے افواہیں نہ پھیلائیں ۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ احتیاط کو کبھی نہ بھولیں اور گھبرائیں نہیں ، اس وقت اپنے شہر اور گھر میں ہی رہنا اہم ہے ۔ غیر ضروری سفر سے بچیں ۔ اس وقت ہماری جانب سے چھوٹی کوشش ایک بڑا اثر چھوڑ سکتی ہے ۔