Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, March 22, 2020

ملک کے مفاد میں فی الحال ملتوی کئے جائیں سب مظاہرے اور احتجاجی پروگرام: مائنارٹیز فورم کی اپیل.

معروف تنظیم ،آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر طرح کے مظاہرے ، پردرشن اور داخلی انتشار چھوڑ کر کورونا کے خلاف لڑنے میں سرکار کی مدد کریں

لکھنؤ:اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع /٢٢ مارچ ٢٠٢٠۔
==============================

 معروف تنظیم ،آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر طرح کے مظاہرے ، پردرشن اور داخلی انتشار چھوڑ کر کورونا کے خلاف لڑنے میں سرکار کی مدد کریں اور  وہ تمام احتیاطی تدبیریں اختیارکریں جس سے وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔کیونکہ جب گھر میں آگ لگی ہوتی ہے تو ذاتی اور داخلی انتشار ختم کرکے پہلے آگ بجھائی جاتی ہے ۔۔لہٰذا کورونا وائرس کی آگ بجھانے کے لئے  سبھی لوگوں کو مل کر ملک  اور عوام کو اس سے محفوظ رکھنا ہے
لکھنؤمیں پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے فورم کے صدر معروف دانشور وسیاسی رہنما  ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ موجودہ وقت صرف ہندوستانیوں کے لئے ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کے لئے اچھا نہیں کیونکہ کم وبیش سبھی ممالک کورونا وائرس کے مہلک خطروں اندیشوں اور خدشوں سے پریشان ہیں لہٰذا وہ لوگ جو ایک طویل عرصے سے مظاہرے اور پردرشن کررہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے بہت سے لوگ ایک ساتھ جمع ہوں  اور وائرس پھیلنے کے امکانات بڑھ سکیں۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے یہ بھی کہاکہ مظاہرہ کرنے والے لوگوں کو آئین ودستور نے یہ حق ضرور دیاہے کہ وہ امن پسند مظاہروں سے اپنی بات کہیں اور اپنے مطالبات پیش کریں تاہم یہ بھی سبھی ہندوستانیوں کی ذمہداری ہے کہ موجودہ وقت میں وہ حکومت کے ساتھ آکر پہلے وائرس کو ختم کرنے والی مہموں تدبیروں اور تحریکوں کا حصہ بنیں۔۔ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا  کے ممالک اپنے اپنے طور پر خصوصی بندوبست اور تدابیر کررہے ہیں ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اپنا بھر پور تعاون پیش کریں تاکہ ملک کے عوام کو تحفظ فراہم کیاجاسکے۔
حالانکہ اب لکھنؤکے گھنٹہ گھر پر ہورہا مظاہرہ اپنے آپ میں بہت سمٹ چکاہے۔موسم کے نشیب وفراز ۔حکومت کی انا اور ضد  اور ساتھ ہی لوگوں کے خراب ہوتے حالات سمیت ایسے بہت سے اسباب ہیں جن کے اثرات دھرنے اور مظاہرے پر مرتب ہوئے ہیں اور یہ بھی ایک حقیقیت ہے کہ جب سے کورونا کے قہر کی خبریں سامنے آئی ہیں کچھ لوگوں نے حکومت اور ذمہ دار لوگوں کے احکامات کی پابندی کرتے ہوئے کچھ وقت کے لئے مظاہرے سے خود کو علیحدہ کر لیاہےاور اب یہ امید بھی کی جارہی ہے کہ آل انڈیامائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کی اپیل کے بعد حالات کچھ اور تبدیل ہوجائیں گے