Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, April 2, 2020

تبلیغی جماعت کے مرکز نظام الدین کے خلاف میڈیا کا پروپیگنڈہ قابل مذمت۔

 حالیہ دنوں میں مرکز سے واپس آنے والے حضرات احتیاطاً اپنا چیک اپ کروالیں:::::::مولانا حلیم اللہ قاسمی ۔

ممبئ..مہاراشٹر /صداٸے وقت  یکم /اپریل ٢٠٢٠۔
==============================
حضرت نظام الدین دہلی میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز کے تعلق سے میڈیا کے ذریعہ پھیلائے جانے والے غلط پروپیگنڈے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم الله قاسمی نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جبکہ پوری دنیا متحدہوکر کورونا وائر س جیسے مہلک مرض سے نمٹنے کیلئے اپنے اپنے اسباب و وسائل کے ساتھ میدان میں ہے، ایسے نازک وقت میں اس کوشش کو فرقہ وارانہ رخ دیکر کمزور کر دینا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ 

     مولانا حلیم الله قاسمی نے کہا کہ جنتا کرفیو کے بعد اچانک لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں ملک کے طول وعرض میں بڑی تعداد میں مزدور اور عام لوگ پھنسے ہوئے ہیں وہیں اگر تبلیغی مرکز حضرت نظام الدین بنگلہ والی مسجد میں کچھ لوگ پھنسے رہ گئے تو اس پر اتنا واویلا مچانے کی کیا بات ہے۔ مولانا حلیم الله قاسمی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر اور لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کے باوجود ساڑھے انیس سو سے زائد افراد اس وائرس کی زد میں آچکے ہیں اور اب تک پچاس سے زائد اموات اس مہلک مرض کی وجہ سے واقع ہوچکی ہیں ۔ 
 مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ معتبر ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تبلیغی مرکز کے ذمہ داران برابر متعلقہ حکام سے رابطہ میں تھے، اندرون اور بیرون ملک کے لوگوں کو ان کے مقام تک پہونچا نے کے لئے پرمیشن کی باقاعدہ تحریری درخواست بھی دی تھی لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا ۔دوسرے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے خود وزیراعظم ہند نے یہ کہا تھا کہ جو لوگ جہاں ہیں وہیں پر رہیں باہر نہ نکلیں ایسے میں مرکز کے ذمہ داران کو اس کے لئے قطعاً ذمہ دار نہیں ٹہرایا جاسکتا۔        مولانا نے کہا کہ ان سارے حقائق کے باوجود میڈیا اس کا ایک ہی رخ پیش کررہا ہے جو ملک کی گنگا جمنی تہذیب کے لئے انتہائی مضر اور خطرناک ہے ۔اس لئے مرکزی اور ریاستی حکومت اس کا نوٹس لیتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف اس طرح کے پروپیگنڈہ کے خلاف کوئی اقدام کرے تاکہ ملک کی ہم آہنگی کو نقصان نہ پہونچے اور لوگ اتحاد و اتفاق کے ساتھ اس خطرناک وائرس کے خلاف جنگ لڑ سکیں ۔ 
 مولانا حلیم الله قاسمی نے  یہ اپیل کی ہے کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد جو اس پیریڈ میں مرکز نظام الدین دہلی گئے ہوئے تھے بلا جھجھک انتظامیہ کے پاس جاکر اپنے آپ کو ظاہر کریں،اور احتیاطاً اپنی اپنی طبی جانچ کروالیں ۔اگر کسی طرح کی پریشانی محسوس کرتے ہوں تو جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی کے دفتر سے رابطہ قائم کریں۔
  *رابطہ کے لئے* 022-23735373         /9323919894. جمعیۃعلماء مہاراشٹر.       یکم /اپریل2020