Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, April 16, 2020

مولانا سعد کی مشکلات میں اضافہ ، اب ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے تحت درج کیا کیس ، جلد ہی ہوسکتی ہے پوچھ گچھ۔

امیر تبلیغی جماعت مولانا سعد اور ان کے قریبی معاونین کو جلد ہی پوچھ گچھ کیلئے بلایا جاسکتا ہے ۔ اس سے پہلے مولانا سعد کا اکاونٹ جس بینک میں ہے ، وہاں سے بھی ایسے ٹرانزیکشن پر روک لگانے کی ہدایت دی گئی تھی 
نٸی دہلی /صداٸے وقت / ذراٸع / 16 اپریل 2020.
==============================
دہلی کے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز کے پروگرام میں لوگوں کو بلانے والے مولانا سعد کی مشکلات اب بڑھ گئی ہیں ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مولانا سعد اور دیگر لوگوں کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ پی ایم ایل اے کے تحت معاملہ درج کیا ہے ۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے یہ جانکاری دی ہے ۔ ساتھ ہی مولانا سعد اور ان کے قریبی معاونین کو جلد ہی پوچھ گچھ کیلئے بلایا جاسکتا ہے ۔
اس معاملہ کی جانچ کررہی کرائم برانچ نے مولانا سعد کو لے کر بڑا دعوی کیا ہے ۔ کرائم برانچ کے افسران کے مطابق اس انعقاد سے پہلے مولانا سعد کے دہلی میں واقع ایک بینک اکاونٹ میں اچانک بیرون ممالک سے چندہ کے نام پر موٹی رقم جمع ہوئی تھی ۔ اس معاملہ میں پولیس نے مولانا سعد کے سی اے کو بلا کر بھی پوچھ گچھ کی تھی اور مولانا سعد سے ملنے کی بات کہی تھی ۔ لیکن سی اے نے کہا تھا کہ مولانا بڑے آدمی ہیں اور وہ ایسے کسی سے نہیں ملتے ۔ اب کرائم برانچ کو مرکز کے ٹرانزیکشن پر شک ہے اور اس کا حوالہ کنیکشن تلاش کرنے میں مصروف ہوگئی ہے ۔
اس سے پہلے مولانا سعد کا اکاونٹ جس بینک میں ہے ، وہاں سے بھی ایسے ٹرانزیکشن پر روک لگانے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ بینک نے مولانا سعد کو اس سلسلہ میں 31 مارچ کو مطلع کردیا تھا ، لیکن ایسا نہیں ہوا اور یہ ٹرانزیکشن مسلسل جاری رہے ۔
اس سے پہلے مولانا سعد کے چار قریبی لوگوں پر سہارنپور پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے ۔ ان میں دو لوگوں کی کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آچکی ہے جبکہ دیگر دو کی رپورٹ آنی ابھی باقی ہے ۔ سہارنپور کے ایس ایس پی دنیش کمار پی نے بتایا کہ مولانا سعد کا تھانہ منڈی حلقہ کے محلہ مفتی میں سسرال ہے اور اسی محلہ میں مولانا سعد کے قریبی تین لوگ رہتے ہیں ۔
سہارنپور کی کٹیہرا چوکی کے انچارج وجنیدر سنگھ نے تھانہ میں درج ایف آئی آر کے حوالے سے بتایا کہ حال ہی میں ان میں سے دو بھائیوں نے جنوبی افریقہ اور ایک بھائی نے فرانس کا سفر کیا تھا ۔ وہاں سے لوٹتے ہوئے یہ لوگ دہلی کے نظام الدین مرکز گئے ، لیکن اس بات کو انہوں نے چھپایا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ موبائل کی سی ڈی آر سے ان کے نظام الدین جانے کی بات سامنے آئی ہے ۔