Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, April 23, 2020

رمضان میں روزے اور عبادت کی ادائیگی کے لئے اعظم خان اور ان کے کنبے کو رہا کریں: اکھلیش یادو ‏کا ‏مطالبہ

اکھلیش یادو نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ اعظم خان ،ان کی بیوی اور بیٹے کو ماہ رمضان کے بابرکت دنوں میں عبادت اور روزے کا فرض ادا کرنے کے لئے جیل سے رہا کر کے نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

لکھنؤ۔اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع۔٢٣ اپریل ٢٠٢٠۔
==============================
 سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ  اکھلیش یادو نے ماہ مبارک رمضان کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی کے قد آور رہنما و رکن پارلیمان اعظم خاں اور ان کے اہل خانہ کو رہا کرنے کی گذارش کی ہے۔ یادو نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ اعظم خان ،ان کی بیوی اور بیٹے کو ماہ رمضان کے بابرکت دنوں میں عبادت اور روزے کا فرض ادا کرنے کے لئے جیل سے رہا کر کے نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان ریاست کے قدآور لیڈر ہیں۔ وہ کئی بار کے وزیر اور رکن اسمبلی رہے ہیں۔ وہ راجیہ سبھا کے بھی رکن رہے ہیں۔ موجودہ وقت میں وہ رامپور لوک سبھا حلقے سے رکن پارلیمان ہیں۔
مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی جیسا اعلی تعلیمی ادارہ انہوں نے قائم کیا ہے۔ سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ان کی بیوی بھی رکن اسمبلی ہیں۔ دونوں بیمار ہیں۔ اعظم کے بیٹے عبداللہ بھی رکن اسمبلی رہے ہیں۔حکومت ان تمام کے ساتھ جو سلوک کررہی ہے وہ کافی شرمناک ہے۔ اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ خان کے تئیں برسراقتدار پارٹی اور اس کی حکومت بدلے کے جذبے سے کاروائی کررہی ہے۔ حکومت کے اشارے پر ان پر تمام فرضی مقدمے درج کئے گئے ہیں اور انہیں جیل میں قید کر کے ہراساں کیا جارہاہے۔حکمراں جماعت ان کی شبیہ کو زک پہنچانے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے عمل سے سماج کا ایک طبقہ بری طرح سے دہشت زدہ ہے۔ اس میں عدم تحفظ کا خوف روزانہ بڑھتا جارہا ہے۔ اعظم خان بدلے کی کاروائی کا شکار ہیں۔ بی جے پی ہر معاملے کو فرقہ ورانہ رنگ دینے کا کام کررہی ہے۔
سماج میں ہم آہنگی قائم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ سب کےساتھ انصاف ہو اور یہی حکومت کے ویژن کی پہچان ہوتی ہے۔ یادو نے کہا کہ رمضان کے پاک مہینے یں لوگ تحمل، عبادت کے ساتھ سب کے بھلے کے لئے دعائیں کرتے ہیں۔ اعظم خان اور ان کے پریوار کو بھی ملک کے آزاد شہری کے طور پر اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کا پورا موقع ملنا چاہئے۔