Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, April 8, 2020

جمیعتہ علمإ حلقہ گوونڈی (ارشد مدنی ) کی جانب سے طعام و راشن تقسیم کا سلسلہ جاری۔

جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی(ارشد مدنی) کی جانب سے یومیہ بارہ سوکھانے کی پیکٹ اور اب تک چار سو راشن کٹس کی تقسیم، ہنوز تقسیم طعام و راشن کا یہ سلسلہ جاری۔۔۔۔۔۔۔۔
مولانا صدر عالم قاسمی جمعیۃ علماء گونڈی*

 ممبئی/صداٸے وقت /پریس ریلیز  7/اپریل 2020۔
==============================
 آج لاک ڈوان سے جو صورتحال پیدا ہوگئی ہے وہ خون کے آنسو رلانے والی ہے۔ حالات کے پیش نظر لوگ فاقوں سے دوچار ہیں۔ انہیں دیکھ کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد یاد آجاتا ہے کہ ’’سب سے افضل صدقہ یہ ہے کہ تم کسی بھوکے کو کھانا کھلاو‘‘۔
امن اور شکم سیری اللہ تعالیٰ کی دو بڑی نعمتیں ہیں اور ان کے مقابلے میں خوف اور بھوک اللہ کی نعمتوں پر ناشکری کی سزا بھی ہے۔  احادیث میں یہ بات ہمیں ملتی ہے کہ ’’بھوکے کو کھانا کھلاو‘‘۔ ’’کھانا کھلانے والے جنت میں جائیں گے‘‘۔ صدقے کی ایک صورت یہ بھی بتائی گئی کہ تم بھوکے کو کھانا کھلاؤ اور پیاسے کو پانی پلاؤ۔
جمیعہ علماء گونڈی کے جنرل سکریٹری  مولانا صدر عالم    نےہمیشہ بُرے  وقت یا مشکل وقت  میں  کمزوروں  اور ضرورتمندو ں   کی     خوش دلی سے مدد کی ہے  اور آج بھی الحمد للہ  اس مشکل وقت میں وہ نہ صرف اپنی قوم بلکہ انسانیت  کے ساتھ  شانہ بشانہ کھڑے نظر آرہے ہیں     ۔

انہوں نے اپنی ایک میٹنگ میں کہا کہ الحمدللہ  جمیعت  علماء گونڈی کی جانب سے لاک ڈاون کے دوسرے دن سے ہی غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن اور کھانے کی اشیاء کے پیکٹس تقسیم کیے جارہے ہیں۔ اب تک تقریباً  چھ لاکھ سے زائد مالیت کا اناج اور راشن تقسیم کیا جاچکا ہے اور مستقل محلہ واری سطحوں پر یہ کام جاری ہے۔ راشن کٹس مختلف علاقوں میں تقسیم کئے  ہیں جس میں کھانے پینے کی ضروری اشیا چاول ، دال، تیل، آٹا وغیرہ شامل ہے۔ امرائے مقامی کی راست نگرانی میں یہ کام انجام دیا جارہا ہےجمیعت علما        کے کارکنان حکومت اور انتظامیہ کی ہدایت پر مکمل احتیاطی اقدامات کو اپناتے ہوئے راشن تقسیم کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔جمیعت نے اس سے پہلے مصیبت زدگان کی ہر جگہ  ہر موقعے پر بلا مذہبی تفریق  کے مدد کی ہے ، یہاں بھی اللہ  نے چاہا تو ہم ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں  کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔مولانا اسید  جنرل سکریٹری جمیعت علما ہند (کُرلا زون) انہوں نے کہا کہ تمام احباب جنہوں نے دامے، درمے ، سخنے  جمیعت  کے کاموں کا تعاون کیا ہے ، ہم اُن کے بے حد مشکور ہیں۔ اور اللہ سے دعا گو ہیں کہ اللہ ان کے تعاون کو قبول فرماکر ثواب دراین سے نوازے اور امید کرتے ہیں کہ وہ جمیعت  کے کار خیر میں آگے بھی بڑھ چڑھ کر تعاون کرتے رہیں گے ۔
انہوں نے  کہا کہ اسلام ایک آفاقی اور ہمہ گیر دین ہے ۔ اس کی تعلیمات کا کوئی گوشہ ناقص یا غیر فطری نہیں ہے۔  اس کی بنیاد میں انسانی ہمدردی اور کمزوروں کی اعانت کے جذبے شامل ہیں۔ اسی لیے سماج کے ضرورت مند افراد کی مدد اور مظلوموں کی فریاد رسی کی متنوع فضیلتیں احادیث مبارکہ میں وارد ہوئی جن سے اس کی عظمت و اہمیت کا ادراک کیا جا سکتا ہے۔
مولانا محسن صاحب صدر جمیعہ علماء گونڈی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا عالم گیر طاعون "کورونا وائرس" کے نا قابل فہم گورکھ دھندے میں پیچ و تاب کھا رہی ہے۔ اس وبا نے عالمی سطح پر نظام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔ ہزاروں اموات ہوچکیں لاکھوں افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔
متاثرین ممالک میں ہمارا ملک ہندوستان بھی ہے۔ جس کے تناظر میں حکومتی سطح پر احتیاطی تدابیر کے متعدد طریقے بھی بتائے گئے ہیں۔ سرکاری اور نیم سرکاری ادارے شہر خموشاں کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ بازار دکانیں اور عوامی مقامات سنسان پڑے ہیں اور مواصلات کانظام ٹھپ۔ روزینہ پر کام کرنے والے مزدور سب سے زیادہ اس لاک ڈاؤن کی مار جھیل رہے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیاء اور روز مرہ کے سامان کی قلت نے انہیں فقر و فاقہ کی اس کھائی میں ڈھکیل دیا ہے جس میں متعدد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پریشانی کے ان حالات میں  مختلف تنظیموں نے اپنی اپنی بساط کے مطابق حاجت مندوں کی حاجت برآری کی ہے اور ان تک اشیائے خورد و نوش پہنچانے اور راشن کی تقسیم کا انتظام بھی کیا ہے۔ انہیں میں سے ہماری اور آپ کی قابل فخر تنظیم "جمیعت علماء ہند حلقہ گونڈی" بھی ہے جو وقتا فوقتا اس طرح کے حالات میں عوام الناس کی فلاح و بہبود اور اور غریبوں کے لیے بے لوث قربانیاں دیتی رہتی ہے۔ اور اس وقت بھی اس نے مصیبت زدگان کی تکلیف اور درد کو محسوس۔ چنانچہ ٢٥ مارچ سے روزانہ صبح و شام ضرورت مندوں کو کھانے کی چھے چھے سو پیکٹ تقسیم کی جاتی ہے اس کے علاوہ چار سو راشن کیٹس  ابھی تک تقسیم کیے جا چکے ہیں مزید چار سو راشن کیٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔اور ان شاء اللہ خیر کا یہ سلسلہ آئندہ بھی حسب حال چلتا رہے گا تاکہ سماج کے کمزور طبقہ تک ضروریات زندگی کو بہم پہنچایا جاسکے۔

صدر عالم قاسمی
جنرل سیکریٹری جمیعت علماء گونڈی