Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, May 12, 2020

وزیر اعظم مودی کا قوم سے خطاب ، خود کفیل ہندوستان مہم کیلئے 20 لاکھ کروڑ کے معاشی پیکج کا اعلان٠

وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ صدی سے ہی سنتے آئے ہیں کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی ہوگی ۔ کورونا بحران کے دوران ہمیں صورتحال کو اچھے سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے ۔
نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع / ١٢ مٸی ٢٠٢٠۔
==============================
وزیراعظم نریندر مودی قوم سے خطاب کررہے ہیں ۔ قوم سے خطاب کرتےہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ہمیں تین مہینے ہوگئے ہیں ۔ ہندوستا میں لوگوں نے اپنے قریبیوں کو کھویاہے ، ان کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بحران ہم نے نہ پہلے دیکھا نہ سنا تھا ۔ یہ سانحہ تصور سے بالاتر ہے ، لیکن ٹوٹنا ، بکھرنا انسان کو قبول نہیں ہے ۔ ہمیں اس جنگ میں محتاط رہ کر بچنا بھی ہے اور آگے بڑھنا بھی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ لاک ڈاون کے درمیان وزیر اعظم مودی کا قوم کے نام یہ پانچواں خطاب ہے ۔ اس سے پہلے آخری مرتبہ انہوں نے چودہ اپریل کو  قوم سے خطاب کیا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ صدی سے ہی سنتے آئے ہیں کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی ہوگی ۔ کورونا بحران کے دوران ہمیں صورتحال کو اچھے سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی آج کی صورتحال ہمیں سکھاتی ہے کہ اس سے لڑنے کا ایک ہی راستہ ہے خود کفیل ہندوستان ۔ وزیر اعظم مودی نے خصوصی معاشی پیکج خود کفیل ہندوستان مہم کا اعلان کیا ، جو ہندوستان کی جی ڈی پی کا دس فیصد کے آس پاس ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے ہندوستانی صعنتوں کو مضبوطی ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آر بی آئی پیکج اور اس خصوصی پیکج کو جوڑ دیں تو یہ 20 لاکھ کروڑ روپے کا ہوگا ۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو كا نفرنسنگ کرکے تبادلہ خیال کیا تھا اور ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی تھی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے ، لاک ڈاون سے مرحلہ وار طریقہ سے باہر نکلنے اور اقتصادی سرگرمیاں تیز کرنے کی تدابیر پر وزرائے اعلی سے بات چیت کی تھی ۔ گزشتہ روز تقریبا چھ گھنٹوں تک چلی اس میٹنگ میں  وزیر اعظم مودی نے اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے پر بھی زور دیا ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک کی معیشت کو لے کر بھی مشورے دیں ۔
مودی نے کہا تھا ’’میری آپ سب سے درخواست ہے کہ آپ 15 مئی تک اپنی حکمت عملی بتائیں کہ آپ اپنی ریاست میں لاک ڈاؤن سے کس طرح نمٹنا چاہتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ ریاستیں لاک ڈاؤن کے دوران اور اس سے آہستہ آہستہ باہر نکلنے کی منصوبہ بندی کا بلیو پرنٹ بنائیں‘‘۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں آنے والے وقت میں مختلف چیلنجوں کے تمام پہلوؤں کے نقطہ نظر سے وسیع نقطہ نظر اپنانے ہوں گے۔ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے مختلف کئی بیماریاں آ سکتی ہیں اور ہمیں ان کے لئے تیاری کرنی ہو گی اور اپنے طبی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔