Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, May 22, 2020

کورونا کے درمیان آج دنیا بھر میں جمعۃ الوداع.پوری ‏دنیا ‏میں ‏منایا ‏گیا ‏یوم ‏القدس۔۔۔بیت ‏المقدس ‏کی ‏بازیابی ‏کا ‏عزم ‏۔

یوم القدس کے موقع پر کئی ممالک میں لاک ڈائون کی پابندیوں کے سبب اجتماعی طور پر دعائیں ممکن نہیں لیکن ایران ، پاکستان اور انڈونیشیا جیسے ممالک میں نماز جمعہ کے اجتماعات ہوںگے ،ہندوستان میں جماعت اسلامی نےفلسطین سے یکجہتی اور اسرائیل کیخلاف احتجاج کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لینے کی اپیل کی
نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع / ٢٢ مٸی ٢٠٢٠۔
==============================
کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈائون کےدرمیان  ماہ رمضان گزررہا اور اب جمعۃ الوداع ہے۔ پوری دنیا کے مسلمان رمضان کے آخری جمعہ کو اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے  یوم القدس کےطور پر مناتے ہیں لیکن یہ جمعہ بہت مختلف ہو گا کیوں کہ لاک ڈائون کی پابندیوں کی وجہ سے کئی ممالک میں جمعہ کی نماز کے اجتماعات نہیں ہوں گے ۔ ایسے میں دنیا کے چند ہی ممالک ہیں جہاں جمعۃ الوداع منایا جائے گا۔ ان میں پاکستان ، ایران اور انڈونیشیا سر فہرست ہیں۔ ان ممالک میں باقاعدہ تقریبات کا انعقاد کیا جا تا رہا ہے  اور اس مرتبہ بھی  ان ممالک کی حکومتوںنے تمام احتیاط برتتے ہوئے جمعۃالوداع منانے کی ہدایت دی ہے۔
  اس سلسلے میں پاکستان  میں جمعۃ الوداع اور عید کی نمازوں کے اجتماعات کے  لئے کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایس او پی  تیار  کئے جاچکے ہیں۔ اس سلسلے میں  خاص طور پر پاکستانی پنجاب میں احکامات جاری کئے گئے ہیں اور تمام انتظامیہ کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ مثالی طریق کار نافذ کریںاور اسی کے مطابق اجتماعات منعقد کروائیں۔  ادھر مصر میں وزارت اوقاف کی جانب سے  جمعہ کی نماز کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نمازیوں کی تعداد صرف  ۲۰؍ہو گی اور اس میں صرف اوقاف کے کارکنان شریک ہوں گے۔ اس موقع پر مسجد عوام کے  لئے قطعاً نہیں کھولی جائے گی۔ اس کے علاوہ مسجد کے صرف اندرونی اسپیکروں کا استعمال کیا جائے گا۔ بیرونی اسپیکروں کا استعمال نہیں کیا جائے گا تا کہ مسجد کے باہر مجمع اکٹھا ہونے سےروکا جا سکے۔وزارت اوقاف نے یاد دلایا ہے کہ تمام نمازیوں پر  ماسک کا پہننا لازمی ہو گا۔ ہر دو نمازیوں کے درمیان تمام سمتوں سےڈھائی میٹر کے فاصلے کا خیال رکھا جانابھی ضروری ہو گا۔ 
 ادھر ایران کے صدر حسن روحانی نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود یوم القدس کی ریلیوںکو منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ریاستی ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ سالانہ یوم قدس کے موقع پر تہران میں ایک ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے لوگ پیدل نہیں بلکہ گاڑیوں  سے مارچ کریں گے۔صدر روحانی نے کورونا وائرس سے مقابلے کے  لئے ایک اجلاس کے دوران کہا کہ یوم القدس پر ایرانی پاسداران انقلاب کو ذمہ داری لینی چا ہئے اور وہاں سے ایک مہم کے ذریعے دوسرے مقام تک ریلی کا انعقاد یقینی بنانا چا ہئے۔
  ادھر ہندوستان میں  جماعت اسلامی نے  اپیل کی ہے کہ چونکہ عالم اسلام میں رمضان کاآخری جمعہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہاریگانگت اور بیت ا لمقدس کی بازیابی کے  لئے یوم قدس کے طور پر منایاجاتا ہے،   اس بارچونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے عبادت گاہیں بندہیں۔اجتماعی مذہبی امور ملتوی کردئیے گئے ہیں۔لہٰذا سوشل میڈیا کے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروائیں۔  اس سلسلے میں امیرحلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ایک عالمی سازش کے تحت اسرائیل کو آباد کیا گیااورایک بڑی سازش کے نتیجہ میں اسرائیلی حکومت قائم کی گئی۔ اب اس وقت صورت حال یہ ہے کہ جو حقیقی فلسطینی ہیں ان کی اب صرف دوفیصدزمین باقی ہےجبکہ باقی زمین پر اسرائیل کا قبضہ ہوچکا ہے اور اس طرح اسرائیل نے ایک معنی میں عالم اسلام کے سینہ میں خنجرگھونپ دیا۔ اسے روکنے کے لئے دعائوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کا بھی سہارا لیں اور اپنا احتجاج درج کروائیں۔  
  ادھر ملائیشیا میں متعدد مساجد کو الوداع جمعہ کےلئےکھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہاں کی مقامی کونسل نے بتایا کہ ملائیشیا کے گرین زون علاقوں میں تو مساجد کھلی ہی ہیں لیکن ریڈ زون میں نماز  کےلئے بہت کم افراد کو اجازت دی جارہی تھی لیکن اب اسے نماز جمعہ کے لئے سبھی کے لئے کھولا جائے گا ۔ حالانکہ یہاں پر سماجی دوری کو برقرار رکھنا لازمی ہو گا لیکن نماز جمعہ اور عید کی نمازوں کے لئے بھی مساجد کھلی رہیںگی۔ اس سلسلے میں ملائیشیا کے تمام شہروں کی کونسل کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ملائیشیا کے وزیر برائے اسلامی امور ذوالکفل محمد نے کہا کہ  اجازت دئیے جانے کا مطلب یہی ہے کہ نماز جمعہ ہو گی اور عید کی نماز بھی باجماعت ادا کی جائے گی لیکن اس دوران تمام مصلیان کو سماجی دوری کا خیال رکھنا ہو گا۔ ساتھ ہی انہیں چہرہ کا ماسک بھی پہننا ہو گا۔
 ادھر سعودی ماہرین فلکیات نے سعودی عرب میں اس سال رمضان المبارک کے ۳۰؍ روزوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ جمعۃ المبارک ۲۹؍ر مضان المبارک کو چاند سورج سے قبل غروب ہوجائے گا۔ اس طرح اس روز شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا اور ماہ صیام کے تیس روزے پورے ہوں گے اور عیدالفطر اتوار کو ہوگی۔سعودی عرب کی المجمعہ رصدگاہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلکی حساب کے مطابق سعودی عرب میں شوال کا چاند سنیچر کو ہی نظر آئے گا۔