Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, May 8, 2020

روزے کی سماجی اہمیت اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں۔

معروف عالم دین مولانا ابو العرفان فرنگی محلی کہتے ہیں کہ اگر روزے کے فوائد شعورِ انسانی کے اختیار اور دائرے میں آجائیں تو لوگ ایک مہینہ نہیں بلکہ پورے سال روزے رکھنے کی کوشش کریں۔

از/طارق قمر /صداٸے وقت / 8 مٸی 2020.
==============================
لکھنئو۔ روزے کی اہیمت و افادیت کیا ہے؟ شرعی  اور طبی نقطہء نظر سے انسانی روح و جسم کے لئے روزہ کیوں ضروری ہے؟ اور قرآن واحادیث میں روزے کے تعلق سے کیا احکامات ہیں؟ یہ ایسے سوالات ہیں جن کے ہزاروں جواب ہمارے سامنے ہیں لیکن اہم بات یہ  ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ جیسے جیسے میڈیکل سائنس ترقی کر رہی ہے۔ دین اسلام اور نظام حیات کے حوالے سے بھی دنیا کو حیرت میں ڈالنے والے انکشافات سامنے آرہے ہیں جس کی بنیاد پر اب یہ رائے عام ہوتی جارہی ہے کہ اسلام ایک سائنٹفک مذہب ہونے کے ساتھ ساتھ مکمل نظام حیات بھی ہے۔
معروف عالم دین مولانا ابو العرفان فرنگی محلی کہتے ہیں کہ اگر روزے کے فوائد شعورِ انسانی کے اختیار  اور دائرے میں آجائیں تو لوگ ایک مہینہ نہیں بلکہ پورے سال روزے رکھنے کی کوشش کریں۔ مفتی ابو العرفان کہتے ہیں کہ مذہبی اہمیت کے ساتھ ساتھ روزے کی سماجی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ خدا کو روزے کا پیغام دے کر اپنے بندوں کو بھوکا رکھنا اور انہیں تکلیف دینا مقصود نہیں۔ بلکہ انہیں اخلاقی اور سماجی ذمہ داریوں کا احساس کراکر یہ بتانا مقصود ہے کہ مسلسل بھوک اور پیاس کی گرفت میں رہنے والے غریب و مجبور لوگوں کے دکھ درد میں انہیں کیسے شامل  و شریک ہونا ہے۔ ان کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے۔ ان کی سماجی اور ذاتی سطح پر کیسے مدد کرنی ہے۔ روزہ تزکیہء نفس ،روح کے تقدس اور جسمانی توانائی و تندرستی کے لئے نہایت ضروری اور مفید عمل ہے۔ ایمان کے استحکام کا ایک ایسا ذریعہ اور وسیلہ ہے جس کا کوئی دوسرا نعم البدل نہیں۔
لکھنئو کے میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر کوثر عثمان کہتے ہیں کہ میڈیکل سائنس کی روز افزوں ترقی اور شریعت کی روشنی میں جب انسان کے جسمانی نظام پر تحقیق کی جاتی ہے تو احساس ہوتا ہے کہ جو گوشے اور تحقیقی پہلو قرآن پاک میں صدیوں پہلے آشکار کردیے گیے ان پر میڈیکل سائنس آج ناز کر رہی ہے ۔ ڈاکٹر کوثر عثمان کے مطابق روزہ انسانی جسم کو سینکڑوں قسم کے جراثیم اور بیماریوں سے بچاکر ایک نئی قوت اور طاقت عطا کرتا ہے۔
  اگر انسان شریعت کے مطابق روزے رکھ کر اپنی زندگی میں تبدیلی لانا چاہتا ہے تو ماہِ رمضان اس کے لئے ایک بیش بہا نعمت اور رحمت کا خزینہ ہے۔ روزہ روحانی اور جسمانی طور پر انسان کو مضبوط تو بناتا ہی ہے ساتھ ہی اسے بہترین سماجی زندگی گزارنے کا درس بھی دیتا ہے۔