Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, May 12, 2020

ایران میں آج سے تمام مساجد عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ۔

کرونا وائرس سے متاثرہ ملک ایران میں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پہلی مرتبہ لگ بھگ دو ماہ بعد تمام مساجد کو عارضی طور پر کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

صداٸے وقت /ذراٸع /١٢ مٸی ٢٠٢٠۔
===========================
ایران نے یہ فیصلہ ایسے موقع پر کیا ہے جب ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی اسلامک ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر محمد قومی کا کہنا ہے کہ تمام مساجد کو کھولنے کا فیصلہ وزاتِ صحت کی مشاورت سے کیا جا رہا ہے۔ محمد قومی نے وضاحت کی ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں تین روز کے لیے مساجد کو کھولا جائے گا۔
ایران کی ہی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ مساجد ان تین روز کے بعد بھی کھلیں رہیں گی یا نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو ایران کے 180 سے زائد شہروں اور قصبوں میں دو ماہ بعد نمازِ جمعہ کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تاہم دارالحکومت تہران اور دیگر اہم شہروں میں جمعے کے اجتماعات پر تاحال پابندی ہے۔
ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق کہ ملک کے جنوب مغربی علاقوں میں لاک ڈاؤن بدستور جاری ہے جب کہ خوزستان کے گورنر کے مطابق اُن کے صوبے میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایران پہلے ہی شہروں کے اندر نقل و حرکت اور شاپنگ مالز پر عائد پابندی اٹھا چکا ہے جب کہ صدر حسن روحانی اتوار کو اعلان کر چکے ہیں کہ آئندہ ہفتے سے اسکول بھی کھول دیے جائیں گے۔
ایران مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک اس وائرس کے نتیجے میں چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
ایران کے صحت کے حکام خبردار کر چکے ہیں کہ پابندیوں میں نرمی کی صورت میں نئے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔