Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, May 27, 2020

مشہور مزاح نگار وادیب مجتبی حسین کا انتقال، ادبی وصحافتی حلقوں میں غم واندوہ کی لہر۔

حیدرآباد۔ /صداٸے وقت /ذراٸع /27 مٸی 2020.
=============================
اردو کے مشہور مزاح نگار پدم شری جناب مجتبیٰ حسین کا آج انتقال ہو گیا ۔مرحوم کے قریبی ذرائع کے مطابق، حیدرآباد کے سن سٹی میں واقع مجتبی حسین کے بڑے فرزند ھادی حسین انجینئر کی قیامگاہ پر آج صبح 8:45 کو ان کا انتقال ہوا۔ مجتبیٰ حسین کی پیدائش15 جولائی 1936ء کو گلبرگہ میں ہوئی تھی۔ ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی۔ 1956ء میں عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ جوانی سے ہی انہیں طنز ومزاح کی تحریروں کا ذوق تھا جس کی تکمیل کے لیے روزنامہ سیاست سے وابستہ ہو گئے اور وہیں سے ان کے ادبی سفر کا آغاز ہوا۔
سال 1962ء میں انہوں نے محکمہ اطلاعات میں ملازمت کاآغاز کیا۔ 1972 میں دلی میں گجرال کمیٹی کے ریسرچ شعبہ سے وابستہ ہو گئے۔ دلی میں مختلف محکموں میں ملازمت کے بعد 1992ء میں سبکدوش ہو گئے۔ مجتبیٰ حسین ملک کے پہلے طنز ومزاح کے ادیب ہیں جن کو حکومت نے بحیثیت مزاح نگار پدم شری کے باوقار اعزاز سے نوازا۔ مجتبیٰ حسین کے مضامین پر مشتمل 22 سے زائد کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ ان کی 7 کتابیں ہندی زبان میں شائع ہویئں۔ جاپانی اور اڑیہ زبان میں بھی ایک ایک کتاب شائع کی گئی۔ انہیں 10 سے زائد ایوارڈز حاصل ہوئے جن میں غالب ایوارڈ، مخدوم ایوارڈ، کنور مہندر سنگھ بیدی ایوارڈ، جوہر قریشی ایوارڈ اور میر تقی میر ایوارڈ شامل ہیں۔
ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں کرناٹک کی گلبرگہ یونیورسٹی نے انہیں 2010ء میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔ مجتبی حسین کے انتقال کی خبر سے ملک کے ادبی وصحافتی حلقوں میں غم واندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف ادبی، سماجی اور دیگر تنظیموں سے وابستہ اہم شخصیات مجتبی حسین کی خدمات کو یاد کر کے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد فرمان واڑی عابڈس میں ادا کی جائے گی اور تدفین مسجد سے متصل قبرستان میں عمل میں آئے گی۔