Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, May 3, 2020

رمضان المبارک کو الگ الگ تین عشروں میں تقسیم کرنا درست نہیں ہے۔۔۔۔۔۔۔ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی۔



از/ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی/صداٸے وقت
=======

       رمضان المبارک کا پہلا عشرہ (10 دن) مکمل ہونے والا ہے _ اسے عشرۂ رحمت کہا جاتا ہے _ پورے رمضان کو تین عشروں میں تقسیم کیا گیا ہے _ دوسرے کو عشرۂ مغفرت اور تیسرے کو عشرۂ نجات کہا جاتا ہے _ ہر عشرہ کے اعتبار سے الگ الگ دعائیں بھی تجویز کی گئی ہیں _

         اس تقسیم کی بنیاد ایک طویل حدیث ہے ، جو حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ اور دوسرے صحابۂ کرام سے مروی ہے _ اس کا ایک ٹکڑا یہ ہے :
وهو شهرٌ أولُهُ رحمةٌ، و أوسطُهُ مغفرةٌ، وآخرُہُ عتقٌ من النارِ "
" یہ ایسا مہینہ ہے ، جس کا ابتدائی حصہ رحمت ، درمیانی حصہ مغفرت اور آخری حصہ جہنم سے نجات ہے _"

        یہ حدیث مختلف سندوں سے مروی ہے _ اس کا ایک راوی علی بن زید بن جدعان ہے ، جسے محدثین نے ضعیف قرار دیا ہے _  اس بنا پر یہ حدیث  ضعیف قرار پاتی ہے _

      اس حدیث کی بنیاد پر علماء نے رمضان کے تینوں عشروں کی اہمیت بیان کی ہے ، چنانچہ پہلے عشرہ میں رحمت ، دوسرے عشرہ میں مغفرت اور تیسرے عشرہ میں جہنم سے نجات کے پہلوؤں کو نمایاں کیا ہے _ بعض علماء نے یہ توجیہ کی ہے کہ اللہ کے جو بندے پہلے سے نیک ہوتے ہیں وہ رمضان کے پہلے عشرہ  میں مزید نیک کام کرکے اللہ کی رحمت کے مستحق بن جاتے ہیں _ جو بندے نیک کاموں کے معاملے میں اوسط معیار پر ہوتے ہیں وہ مزید ایک عشرہ خوب نیکیاں کرکے اللہ کی مغفرت سے بہرہ ور ہوتے ہیں _  جو بندے گنہ گار ہوتے ہیں وہ دو عشروں کے ساتھ تیسرے عشرہ میں بھی خوب خوب نیکیاں کرکے جہنم سے آزادی کا پروانہ حاصل کرنے میں کام یاب ہوجاتے ہیں _

         صحیح بات یہ ہے کہ رمضان المبارک کے تین عشروں کو الگ الگ رحمت ، مغفرت اور جہنم سے نجات کے خانوں میں تقسیم کرنا درست نہیں _ رمضان کا ہر دن ، بلکہ ہر لمحہ بندۂ مومن کو اللہ کی رحمت ، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مستحق بناتا ہے _

           پورے رمضان میں اور خاص طور پر اس کی راتوں میں زیادہ سے زیادہ دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے _ یہ بات درست نہیں کہ عشرۂ اول میں رحمت کی دعا کی جائے ، عشرۂ دوم میں مغفرت کی اور عشرۂ سوم میں جہنم سے نجات کی _ بلکہ اللہ کی رحمت ،  مغفرت اور جہنم سے نجات کی دعا رمضان کے ہر دن اور ہر رات میں مانگنی چاہیے _

           رحمت ، مغفرت اور جہنم سے نجات الگ الگ چیزیں نہیں ہیں ، بلکہ ایک ہی چیز کے مختلف پہلو ہیں _ بندۂ مومن کو چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے اپنی خطاؤں ، لغزشوں ، کوتاہیوں اور گناہوں پر مغفرت طلب کرے _ اس کے نتیجے میں امید ہے کہ اللہ کی رحمت اسے ڈھانپ لے گی اور اسے جہنم کی آگ سے خلاصی مل جائے گی _

         اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کا مستحق بنائے، آمین، یا رب العالمین!