Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, July 3, 2020

کانپور پولیس پارٹی پر حملہ ، سی او سمیت 8 پولیس اہلکار شہید، بدمعاشوں نے چھتوں سے برسائیں گولیاں

کانپور۔ اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع / ٣ جولاٸی ٢٠٢٠۔
==============================
اترپردیش کے کانپور سے دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں چوبے پور تھانہ علاقے کے وکرو گاوں میں دبش دینے پہنچی پولیس ٹیم پر بدمعاشوں نے تابڑتوڑ گولیاں برسائیں۔ اس میں بلہور کے سی او سمیت آٹھ پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ ایس او بٹھور سمیت چھ پولیس اہلکار سنگین طور پر زخمی ہیں۔ سبھی زخمی پولیس اہلکاروں کو سنگین حالت میں ایمرجنسی اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
اس تصادم کے بعد یوپی کا پولیس محکمہ سکتے میں ہے۔ انکاونٹر میں بڑی تعداد میں پولیس والوں کے مارے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدمعاشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ اس کے بعد ان کی گرفتاری کو لے کر مسلسل دبش دی جا رہی ہے۔ وہیں، ڈی جی پی ایچ سی اوستھی خود جائے حادثہ پر جائیں گے۔ اے ڈی جی ( قانون و انتظام) پرشانت کمار جائے حادثہ کے لئے روانہ ہو چکے ہیں۔
پتہ چلا ہے کہ وکاس دوبے نام کا بدمعاش اور اس کے ساتھیوں نے چھتوں سے پولیس ٹیم پر گولیاں برسائیں۔ اس حملے کے بعد بدمعاشوں نے پولیس کے اسلحے بھی لوٹ لئے۔ اے ڈی جی کانپور زون، آئی جی رینج ایس ایس پی کانپور سمیت بھاری پولیس فورس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی ٹیم جب اس ہسٹری شیٹر کے یہاں دبش دینے پہنچی تو دوبے کے گینگ کے لوگ یہاں گھات لگا کر پولیس کا انتظار کر رہے تھے۔ اس سے پہلے کہ پولیس اپنی کارروائی کو انجام دیتی کہ ان بدمعاشوں نے ان پر گولیاں برسا دیں۔ گینگ کے ارکان نے پولیس کو چاروں طرف سے گھیر لیا تھا۔ پولیس کو ایسے حملے کی امید نہیں تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ وکاس دوبے یہاں سے فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے ریاست کے سبھی سرحد سیل کر دئیے ہیں۔