Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, July 31, 2020

حجاج آج رمی اور قربانی کریں گے۔

حجاج کے قافلے وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں رات گزار نے کے بعد آج جمعہ 31 جولائی کو نماز فجر کے بعد منی پہنچ رہے ہیں۔ وہ جمرہ عقبہ(بڑے شیطان ) کی رمی کریں گے۔ رمی کے بعد قربانی اور پھر سر بال منڈوائیں یا کٹوائیں گے۔
مکہ مکرمہ /صداٸے وقت /ذراٸع / ٣١ جولاٸی ٢٠٢٠۔
==============================
سعودی میڈیا کے مطابق حجاج  نے رات مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا کی نمازیں ایک اذان دو اقامت سے مسجد المشعر الحرام میں سماجی فاصلے کے تحت ادا کیں۔ حجاج کی آمد سے قبل مسجد کی صفائی اوراسے سینیٹائز کیا گیا۔ مسجد میں سماجی فاصلے  کی علامتیں بھی لگائی گئی تھیں۔ ہر گروپ کے لیے مسجد میں جگہ متعین تھی۔ 
حجاج نے مزدلفہ میں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد چند گھنٹے آرام کرکے رات کا باقی ماندہ حصہ عبادت میں گزارا۔ 
حجاج  نے قربانی کے لیے کوپن خرید لیے تھے۔  سر کے بال منڈوانے یا ترشوانے کے خصوصی انتظامات منی میں پہلے ہی سے ہی ہیں۔ جس کے بعد حجاج احرام کی پابندی سے آزاد ہوں گے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق جس سکون و اطمینان کے ساتھ  حجاج کے قافلے جمعرات کو میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچے اس کی نظیر پہلے نہیں ملتی- حاجیوں کی تعداد کم ہونے اور ان کے سفر کے بہترین انتظامات کی وجہ سے ایسا ممکن ہوسکا ہے۔
حجاج  عرفات سے مزدلفہ کا سفر طے کرتے وقت ممنونیت کے جذبات سے سرشار تھے۔
وزارت حج و عمرہ نے مزدلفہ میں رات گزارنے کے لیے آرام گاہوں کا انتظام کیاتھا۔ جہاں سماجی فاصلے کی پابندی تھی۔ آرام گاہیں مزدلفہ کی مسجد المشعر الحرام کے قریب بنائی گئی تھیں
 قبل ازیں میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ادا کرتے وقت حجاج  ساتھ دعاؤں میں مشغول رہے۔ سورج غروب ہونے سے قبل میدان عرفات میں خشوع و خضوع کے ساتھ  دعائیں کی جاتی رہیں۔
میدان عرفات میں حجاج  نے ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان دو اقامت کے ساتھ قصر ادا کی۔حج کا خطبہ سنا اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی میں سورج غروب ہونے تک وقوف کیا۔
 دریں اثنا مکہ میونسپلٹی کے صفائی کارکن مشینوں کی مدد سے جمرات کے پل سمیت منی کے تمام علاقوں کی صفائی کر رہے ہیں۔
وزارت حج نے اس سال حج کرنے والوں کو رمی کے لیے سینیٹائز کنکریوں کی تھیلیاں فراہم کی ہیں۔ حجاج گروپوں کی شکل میں جمرات کی رمی کریں گے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہری دفاع کے محکمے نے حج کرنے والوں کی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے منی میں سہولتیں میں اضافہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے منی میں حجاج کی سہولتوں میں اضافے کے لیےغیرمعمولی انتظامات کر رکھے ہیں۔