Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, September 18, 2020

سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے بعد ان کی اہلیہ کے خلاف یوگی حکومت نے کی یہ بڑی کارروائی

یوگی حکومت نے شائستہ پروین کی جائیدادوں کو منہدم کرنے اوران کو اپنی تحویل میں لینے کی کارروائی شروع کی ہے۔ الہ آباد شہر سے باہر ’’انداواں‘‘ قصبے میں واقع شائستہ پروین کےکولڈ اسٹوریج کو مقامی انتظامیہ نے منہدم کر دیا ہے۔

الہ آباد:اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع /١٨ ستمبر ٢٠٢٠۔
==============================
 یوگی حکومت نے سماج وادی پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ یوگی حکومت نے شائستہ پروین کی جائیدادوں کو منہدم کرنے اوران کو اپنی تحویل میں لینے کی کارروائی شروع کی ہے۔ الہ آباد شہر سے باہر ’’انداواں‘‘ قصبے میں واقع شائستہ پروین کے کولڈ اسٹوریج کو مقامی انتظامیہ نے منہدم کر دیا ہے۔ اس سے پہلے شہر میں واقع عتیق احمد کی 8 سے زیادہ قیمتی جائیداد کو منہدم کرنے کی کارروائی کی گئی تھی۔ منہدم کیا جانے والا کولڈ اسٹوریج عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین کی ملکیت ہے۔ تقریباً چالیس برس پرانے کولڈ اسٹوریج کو جے سی بی مشینوں کے ذریعے زمین دوز کر دیا گیا۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کولڈ اسٹوریج کی عمارت کا نقشہ الہ آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے منظور نہیں کرایا گیا تھا۔ لہٰذا ضابطے کی کارروائی کے تحت کولڈ اسٹوریج کوگرایا گیا ہے۔ کولڈ اسٹوریج منہدم کرنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے اس کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ واضح رہےکہ عتیق احمد الہ آباد شہر کے مغربی حلقے سے پانچ بار ایم ایل اے اور پھولپور پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سابق ایم پی عتیق احمد کئی سنگین الزامات کے تحت ان دنوں احمد آباد سینٹرل جیل میں بند ہیں۔ عتیق احمد کے علاوہ ان کے چھوٹے بھائی اور سابق رکن اسمبلی خالد عظیم اشرف پر بھی قتل سمیت کئی سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ خالد عظیم اشرف کو گذشتہ ماہ پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔
ریاست کی یوگی حکومت نے عتیق احمد  اور اشرف پرگینگسٹر ایکٹ لگا دیا ہے۔ اسی بنیاد پر عتیق احمد کی جائیداد کو منہدم کرنے اور ان کو ریاستی حکومت کی تحویل میں لینےکی کار روائی شروع کی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ اب تک شہر میں واقع عتیق احمد اور ان کے قرینی رشتے داروں کی 8  سے زیادہ  قیمتی جائیدادوں کو مہندم کرچکی ہے۔ انتظامیہ کی ان کارروائیوں کے بعد اب عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین کے نام جائیدادوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ فی الحال انتظامیہ کی یہی دلیل ہے کہ عتیق احمد اوران کے قریبی رشتہ داروں کی جائیداد غیر قانونی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے ریاستی حکومت کے پاس قانونی اختیارات موجود ہیں۔