Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, October 10, 2020

مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کا طویل علالت کے بعد انتقال۔

نئی دہلی/صداٸے وقت / ٩ اکتوبر ٢٠٢٠۔/ ذراٸع۔
============================
:مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ آج شام ان کے بیٹے اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چراغ پاسوان نے ٹویٹ کرکے ان کی موت کی اطلاع دی۔ چراغ نے اپنے بچپن کی ایک تصویر ٹویٹ کی ، جس میں وہ پاسوان کی گود میں بیٹھے ہیں اور لکھا ہے: "پاپا … اب آپ اس دنیا میں نہیں ہیں ، لیکن مجھے معلوم ہے کہ آپ جہاں بھی ہوں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے "۔ 74 سالہ رام ولاس پاسوان گذشتہ چند ہفتوں سے علیل تھے اور انہیں دہلی کے فورٹس اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کے پاس مرکزی وزارت برائے خوراک و رسد تھی۔ رام ولاس پاسوان پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے سیاست میں سرگرم تھے اور انہیں ملک کے سب سے بڑے دلت قائد کے طورپر جانا جاتا تھا۔رام ولاس پاسوان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ’ ان کے جانے سے جو خسارہ ہوا ہے اسے لفظوں میں نہیں بیان کیا جاسکتا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے ، جسے کبھی بھی پُر نہیں کیا جا سکتا۔ رام ولاس جی کی رخصتی میرا ذاتی نقصان ہے۔ میں نے اپنے دوست اور مضبوط ساتھی کو کھو دیا‘۔ رام ولاس پاسوان کے انتقال پر تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ’ ملک نے ایک بصیرت مند رہنما کھو دیا ہے‘۔ صدر نے کہاکہ ’وہ پارلیمنٹ کے ایک انتہائی متحرک اور دیرینہ ممبر تھے۔ وہ دبے کچلے طبقوں کی آواز تھے‘۔
غور طلب ہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے رام ولاس پاسوان کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے پارٹی کے تمام فیصلے صدر ہونے کی حیثیت سے چراغ خود لے رہے تھے۔ حال ہی میں چراغ نے لوک جن شکتی پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی این ڈی اے کے ساتھ جانے کے بجائے بہار میں تنہا الیکشن لڑے گی۔ رام ولاس پاسوان کی وفات سے لوک جن شکتی پارٹی پر کافی اثر پڑ سکتا ہے۔