Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, October 2, 2020

بڑی خبر: کورونا قہر کے سبب بھوپال کا چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کیا گیا ملتوی.

کورونا کی وبائی بیماری کے قہر کے سبب بھوپال کے عالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ 4 روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد کے لئے تاریخ کا اعلان 14 فروری 2020 کو کیا گیا تھا۔ 4 روزہ عالمی اجتماع کا انعقاد 27 نومبر سے درس قران سے ہونا تھا اور 30 نومبر کو اجتماعی دعا کے ساتھ عالمی تبلیغی اجتماع کا اختتام ہونا تھا۔
بھوپال: مدھیہ پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع۔/ ٢ اکتوبر ٢٠٢٠۔
==============================
کورونا کی وبائی بیماری کے قہر کے سبب  بھوپال کے عالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ 4 روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد کے لئے تاریخ کا اعلان 14 فروری 2020 کو کیا گیا تھا۔ 4 روزہ عالمی اجتماع کا انعقاد 27 نومبر سے درس قران سے ہونا تھا اور 30 نومبر کو اجتماعی دعا کے ساتھ عالمی تبلیغی اجتماع کا اختتام ہونا تھا۔ واضح رہے کہ بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کی بنیاد 1947 میں 13 لوگوں سے شروع کی گئی تھی۔ ابتدائی سالوں میں اس کا انعقاد بھوپال مسجدگھاٹی بھڑ بھجا  سے کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اجتماع کو بھوپال مسجد اٹہ شجاع خان میں میں قائم مرکز کی مسجد میں منتقل کیا گیا۔ یہاں سے اجتماع کو بھوپال کی تاریخی اور ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں منتقل کیا گیا۔  1947 سے  1961 تک اجتماع کی حیثیت صوبائی تک محدود تھی۔ 1970  کی دہائی اجمماع نے ملک گیر حثیت حاصل کی اور 1976 میں تبلیغی اجتماع نے عالمی حیثیت حاصل کی۔
عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد 2001 تک بھوپال میں ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد میں ہوتا رہا ہے۔جب عالمی تبلیغی اجتماع میں ملک و بیرون ملک سے آنے والی جماعتوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ گئی اور ایشیا کی بڑی مسجد تاج المساجد نے اپنی تنگ دامنی کی شکایت کی تو عالمی تبلیغی اجتماع کو ایک بار پھر منتقل کیا گیا۔ اس بار عالمی تبلیغی اجتماع کو تاج المساجد سے منتقل کرکے بھوپال شہر سے 15 کلو میٹر دور اینٹ کھیڑی میں منتقل کیا گیا۔ اینٹ کھیڑی میں عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد 2002 سے 2019 تک بدستور جاری رہا۔ امسال بھی عالمی اجتماع کا انعقاد اینٹ کھیڑی میں کرنے کی پوری تیاری تھی، لیکن کورونا قہر کے سبب اسے ملتوی کردیا گیا۔
2019 کے عالمی تبلیغی اجتماع میں 26 ممالک کی جماعتوں سمیت ملک و بیرون ملک سے 16 لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے شرکت کی تھی۔ 2019 کے عالمی تبلیغی اجتماع میں میں  علمائے دین کے بیان  کے لئے 10 لاکھ اسکوائر فٹ میں ٹینٹ لگایا گیا تھا جبکہ کھانے کے لئے 42 زون بنائے گئے تھے۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے 200 ایکڑ زمین میں بند وبست کیا گیا تھا۔ اجتماع گاہ میں پانی کی فراہمی کے لئے 250 پانی کی ٹنکیوں کے ساتھ پنتیس ٹیوب ویل کا انتظام کیا گیا تھا اور اجتماع گاہ سے ریلوے اسٹیشن تک 2000 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ سے اجتماع گاہ تک اجتماع میں آنے والی جماعتوں کو مفت پہنچانے کے لئے 1820، 600 جیپ اور دوہزار ٹرک کا انتظام بھوپال کی عوام کی جانب سے کیا گیا تھا جبکہ بھوپال روڈ ویز کی جانب سے 600 بسوں کا خصوصی انتظام کرنے کے ساتھ دس اسپیشل ٹرینیں بھی چلائی گئی تھیں۔ گرین اور کلین اجتماع کے نام سو انعقاد کیاگیا تھا اور زیرو ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ انعقاد کیاگیا تھا۔  اجتماع گاہ میں بیڑی ،پان،گٹکا سگریٹ اور پالیتھن کے استعمال پرپوری طرح سے پابندی عائد کی گئی تھی اور اس بار بھی عالمی تبلیغی اجتماع کی تیاری انہیں نکات پر کی جانا تھی تاکہ دنیا میں اللہ کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچایا جا سکے اور دنیا گہوارہ امن بن سکے ۔
عالمی تبلیغی اجتماع کے ترجمان حاجی عتیق الاسلام صاحب کہتے ہیں کہ کورونا کے بڑھتے قہر کے سبب ماہ نومبر میں منعقدہ ہونے والے چار روزہ عالمی تبلیغی اجمتاع کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔عالمی تبلیغی اجتماع میں ملک و بیرون ملک سے جماعتیں شرکت کرتی ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں جماعتیں آتی ہیں اس لئے کمیٹی نے یہ طے کیا ہے کہ امسال کورونا کے قہر میں عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا ۔ جب حالات سازگار ہونگے تب ان شا اللہ عالمی تبلیغی اجتماع کا انعقاد پھر شروع کیا جائے گا۔ اس وقت تو اللہ سے یہی دعا ہے کہ کورونا کی وبائی بیماری سے عالمی انسانیت کو نجات دیدے ۔ ہماری خطاؤں کو معاف فرمائے اور اپنے کرم کا معاملہ عطا فرمائے ۔