Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, November 25, 2020

جمعیۃعلماء ہند کی طرف سے احمد پٹیل، و ڈاکٹر کلب صادق کی وفات پر تعزیت کا اظہار

نٸی دہلی /صداٸے وقت /ذراٸع / ٢٥ نومبر ٢٠٢٠۔
=============================
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کانگریس پارٹی کے اہم رکن اور خازن جناب احمد پٹیل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی مغفرت اور درجات علیا کے لیے خصوصی دعاء کی ہے۔مرحوم کانگریس پارٹی کے پرانے خادم، باشعور سیاست داں اور دیانت دار پالیسی ساز تھے، جنھوں نے ہمیشہ کسی عہدے کی تمنا اور لالچ کیے بغیر ا پنی پارٹی اور اس کی صدر سونیا گاندھی کی خدمت کی۔ان کی ز ندگی کی سب سے ممتاز خصوصیت یہ ہے کہ وہ اقتدار کی کنجی کے نگہ باں ہونے کے باوجود ہمیشہ لو پروفائل رہے اور سیاست کے مرکز میں رہ کر بھی خود کو نمایاں بننے کی کوشش نہ کی۔
  احمد پٹیل مرحوم، جمعیۃ علماء ہند کے سابق صدر حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی ؒ سے خاص تعلق رکھتے تھے اور حضرت فدائے ملت ؒ سے ملاقات کے لیے بارہا دفتر جمعیۃ علماء ہند حاضر ہوتے۔ ان کو جمعیۃ علماء ہند کے اکابر کی افکار و آراء سے بھی یک گونہ تعلق تھا، شروع میں وہ اپنی ریاست گجرات میں مولانا عبدالصمد واکانیریؒ سابق صدر جمعےۃ علماء گجرات کے قریب تھے، مولانا عبدالصمد مرحوم نے ہی حضرت فدائے ملت ؒ سے ان کی ملاقات کرائی تھی۔ان کی وفات کی خبر موصول ہوتے ہی جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد میدانتا ہسپتال گروگرام پہنچا اور ان کے متعلقین کی خدمت میں جمعیۃ علما ء ہند کی طرف سے تعزیت پیش کی، وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، مفتی سلیم احمد بنارسی، جمعیۃ یوتھ کلب کے مولانا عبدالہادی، محمد آصف، واعظ امن، شفیع اللہ وغیرہ شامل تھے۔
دوسری طرف صدر جمعیۃ علماء ہند اور ناظم عمومی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صد ر اور معروف شیعہ عالم ڈاکٹر کلب صادق کی وفات حسر ت آیات پر رنج والم کا اظہار کیا ہے، جمعیۃ علماء ہند ان کی مختلف تعلیمی، رفاہی اور ملی کوششوں کو بنگاہ قدر دیکھتی ہے، وہ بلاشبہ اس دور میں ملت کی شیرازہ بندی کے علم بردار تھے، جمعیۃ علماء ہند کی دعوت پر مختلف اجلاسوں اور کانفرنسوں میں شریک ہوتے رہے۔ اس مصیبت اور دکھ کے وقت میں جمعیۃ علماء ہند ان کے اہل خانہ و متوسلین سے تعزیت کا اظہار کرتی اور یک جہتی کا اظہار کرتی ہے۔