Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, November 29, 2020

دشمن کو سبق سکھانے کے لئے سخت جواب دینا ضروری ہے:ایرانی اسپیکر قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد قالیباف نے پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمنوں نے ایک بار پھر ایک غیر انسانی ترین روش دہشتگردی کا ارتکاب کر کے ثابت کردیا کہ وہ ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت سے خوف زدہ اور ہراساں ہیں اور انہوں نے ملت ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے سائنسدانوں کو راستے سے ہٹانے کا طریقہ اختیار کر رکھا ہے۔
تہران/ نٸی دہلی /صداٸے وقت / ذراٸع۔
=============================
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ شہید فخری زادہ کے قاتلوں اور اس کا حکم دینے والوں سے انتقام لینا تمام متعقلہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ ایران کے عوام گذشتہ چالیس برسوں سے اس طرح کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں اور جرائم پیشہ دشمن اس وقت تک پشیمان نہیں ہوگا جب تک اسے  ایسا منھ توڑ جواب نہ دیا جائے جو اسے آئندہ اس طرح کی ممکنہ غلطی کا ارتکاب کرنے سے روک دے۔
دوسری جانب ایران کی وزارت انصاف کے انسانی حقوق اور بین الاقوامی امور سے متعلق شعبے کے سربراہ محمود عباسی نے  شہید محسن فخری زادہ کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
محمود عباسی نے اتوار کو زور دے کر کہا کہ دہشتگردی کا ارتکاب چاہے وہ کسی بھی شخص یا حکومت کی جانب سے کیا جائے، ایک بین الاقوامی جرم ہے اور اس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت دیگر عالمی اداروں کے ذریعے تحقیقات کرائی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام ایک خط لکھ کر اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کی وزارت انصاف کے عہدے دار نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کے تحقیقاتی شعبے کے سربراہ شہید محسن فخری زادہ کا قتل ایران کے خلاف جارحیت شمار ہوتا ہے اور ایران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعے کو دہشتگردوں نے ایران کی مسلح افواج کی تحقیقاتی شعبے کے سربراہ اور ملک کے ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ  کو ایک دہشتگردانہ کارروائی میں شہید کردیا تھا۔