Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Friday, December 11, 2020

مالیگاٶں ‏2008 ‏بم ‏دھماکہ ‏معاملہ۔۔۔۔سرکاری ‏گواہ ‏نے ‏عدالت ‏میں ‏ملزم ‏اجٸے ‏راہیکر ‏کی ‏شناخت ‏کی۔


*خصوصی جج نے ملزم کو معاملے کی ہر سماعت پر عدالت میں موجود رہنے کا حکم دیا*
ممبئی۔۔مہارشٹر /صداٸے وقت /ذراٸع 11/دسمبر 2020.
==============================
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ میں گذشتہ کل یہاں خصوصی این آئی اے عدالت کے جج کے حکم پر سرکاری گواہ کو ایک ہزار روپیہ بھتہ دینے کے بعد آج عدالت میں ملزم اور اس کے وکیل نے حاضری دی اور سرکاری گواہ سے جرح کی۔
         مالیگاٶں بم بلاسٹ فاٸل فوٹو 

 ملزم اجئے ایکناتھ راہیکر کے وکیل آپٹے نے سرکاری گواہ پر الزام عائد کیا کہ وہ آج عدالت میں ملزم کے خلاف جھوٹی گواہی دے رہا ہے نیز وہ پولس کے لیئے ماضی میں بھی پنچ کا کام کرچکا ہے۔
اس سے قبل خصوصی این آئی اے جج پی آر سٹرے کو  وکیل استغاثہ اویناس رسال کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرکاری گواہ نے بتایا کہ سال 2008 میں ایک پولس افسرنے اسے کالا چوکی (ممبئی) بلایا تھا تاکہ بم دھماکہ کے الزام میں گرفتار ایک ملزم کے قبضہ سے ضبط کیئے گئے موبائل فون اور دیگر اشیاء کا پنچ نامہ کرسکے۔
سرکاری گواہ نے آج عدالت میں ملزم اجئے راہیکر کے قبضہ سے ضبط موبائل اور دیگر اشیاء کی نشاندہی کی وہیں عدالت میں موجود ملزم کی شناخت بھی کی۔
ایڈوکیٹ آپٹے کی جرح کے بعد سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکیل جے پی مشراء نے بھی سرکاری گواہ سے جرح کی اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ اے ٹی ایس کا عادی پنچ ہے اور ماضی میں بھی اے ٹی ایس کے لیئے کام کرچکا ہے اور آج وہ عدالت میں پولس کے دباؤ میں جھوٹی گواہی دے رہا ہے جس سے سرکاری گواہ نے انکار کیا۔
سرکاری گواہ کی گواہی کے بعد  ملزم اجئے راہیکر کا دفاع کرنے والے ایڈوکیٹ آپٹے نے خصوصی جج سے گذارش کی کہ وہ ملزم کی عدالت میں روزانہ کی حاضری میں سہولت دیں کیونکہ ملزم اپنے گھر کا اکیلا کمانے والا اور اس کے اہل خانہ اسی پر منحصر ہیں۔
خصوصی جج نے ایڈوکیٹ آپٹے کی درخواست کو مستر د کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو ہر دن عدالتی کارروائی کے وقت عدالت میں موجود رہنا ہوگا۔
دوران کارروائی عدالت میں  بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ ارشد شیخ(جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی) موجود تھے۔
آج کی عدالتی کارروائی کے بعد خصوصی جج نے استغاثہ کو حکم دیا کووہ 15 دسمبر کو کسی دوسرے سرکاری گواہ کو عدالت میں حاضر کرے۔
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ میں گواہوں کے بیانات کا اندراج کررہی ہے، ابتک 141 گواہوں کی گواہی عمل میں آچکی ہے اور عدالتی کارروائی روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے لیکن ملزمین کے عدم تعاون کی وجہ سے مزید گواہوں کے بیانات کا اندراج ہونے میں تاخیر ہورہی ہے حالانکہ عدالت نے ملزمین کو سخت کارروائی کرنے کا اشارہ دیا ہے۔