Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Saturday, December 12, 2020

امریکہ میں خالصتان حامیوں کا مظاہرہ ، مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو جھنڈے سے ڈھکا.

امریکہ کی کچھ ریاستوں سے آئے سیکڑوں سکھوں نے واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی سفارتخانہ تک کار ریلی نکالی ۔ اسی دوران ہندوستان مخالف پوسٹروں اور بینروں کے ساتھ خالصتانی جھنڈے لئے کچھ سکھ وہاں آئے تھے ۔
نٸی دہلی / صداٸے وقت /ذراٸع / ١٣ دسمبر ٢٠٢٠۔
==============================
ہندوستان میں نئے زرعی اصلاحاتی قوانین کی مخالفت کررہے کسانوں کی حمایت میں سکھ نوجوانوں نے امریکہ میں  مظاہرہ کیا اور اس دوران خالصتانی علاحدگی پسندوں نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی بے حرمتی کی ۔ گریٹر واشنگٹن ڈی سی ، میری لینڈ اور ورجینیا کے علاوہ نیویارک ، نیوجرسی ، پینسلوینیا ، انڈیانا ، اوہایو اور نارتھ کیرولینیا جیسی ریاستوں سے آئے سیکڑوں سکھوں نے واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی سفارتخانہ تک کار ریلی نکالی ۔ اس دوران ہندوستان مخالف پوسٹروں اور بینروں کے ساتھ خالصتانی جھنڈے لئے کچھ سکھ وہاں آئے ۔
اس دوران کئی بینروں پر خالصتان جمہوریہ لکھا ہوا تھا ۔ ان میں سے کچھ خالصتانی سکھ کرپلان ہاتھ میں تھامے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے آئے اور اس پر ایک پوسٹر چسپاں کردیا ۔ اس گروپ نے ہندوستان مخالف اور خالصتان کی حمایت میں نعرے بھی لگائے ۔
ہندوستانی سفارت خانہ نے ایک بیان جاری کرکے مظاہرین کی شکل میں غنڈہ گردی کرنے والے لوگوں کی اس ناپاک حرکت کی مذمت کی ہے ۔ سفارت خانہ نے کہا ہے کہ اس نے امریکی لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کے سامنے اس سلسلہ میں سخت احتجاج درج کرایا ہے اور قصورواروں کے خلاف جانچ اور قانون کے تحت کارروائی کیلئے امریکی وزارت خارجہ کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے ۔
جب ہفتہ کی دوپہر کو یہ سب کچھ ہوا ، اس وقت واشنگٹن ڈی سی پولیس اور خفیہ سروسز کے اہلکار بڑی تعداد میں وہاں موجود تھے ۔ اس کے تقریبا آدھے گھنٹے کے بعد خالصتانی حامیوں کے ایک دیگر گروپ نے مجسمہ کے گلے میں رسی کی مدد سے ایک پوسٹر باندھ دیا ۔ اس کے ایک گھنٹے سے بھی زیادہ وقت کے بعد خفیہ محکمہ کا ایجنٹ مجسمہ کی جانب آتا ہوا نظر آیا اور اس نے خالصتانی حامیوں کو واضح طور پر کہا کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔
خیال رہے کہ مہاتما گاندھی کے اس مجسمہ کی اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے 16 ستمبر 2000 کو اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کی موجودگی میں نقاب کشائی کی تھی ۔ مجسمہ کی بے حرمتی کا یہ واقعہ دوسری مرتبہ پیش آیا ہے ۔ اس پہلے دو اور تین جون کی نصف شب میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا ۔