Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, December 31, 2020

دہلی تشدد: عمر خالد کے خلاف چارج شیٹ داخل، فساد بھڑکانے اور ملک مخالف تقریر کرنے کا الزام لگایا گیا

دہلی پولیس  کی کرائم برانچ  نے عمر خالد کے خلاف فساد بھڑکانے، فساد کی سازش کرنے، ملک مخالف خطاب اور دیگر مجرمانہ دفعات کے تحت چارج شیٹ داخل کی ہے۔

دہلی: صداٸے وقت /ذراٸع / ٣١ دسمبر ٢٠٢٠۔
==============================
ملک کی راجدھانی دہلی میں ہوئے تشدد  میں ملزم عمر خالد کے خلاف دہلی پولیس  کی کرائم برانچ نے اپنی چارج شیٹ جمعرات کو داخل کردی ہے۔ تقریباً 100 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں عمر خالد کے خلاف فساد بھڑکانے، فساد کی سازش کرنے، ملک مخالف تقریر کرنے کے علاوہ کئی دیگر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ 8 جنوری کو شاہین باغ میں عمر خالد، خالد سیفی اور طاہر حسین نے مل کر تشدد کی سازش کرنے کے لئے میٹنگ کی تھی۔
دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں الزام لگایا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) مخالف احتجاج کو بھڑکانے کے لئے عمر خالد نے نہ صرف کئی ریاستوں کا دورہ کیا، بلکہ اشتعال انگیز خطاب کے ذریعہ لوگوں کو فساد کے لئے بھڑکایا۔ دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ مدھیہ پردیش، راجستھان اور مہاراشٹر میں ہو رہے سی اے اے مخالف احتجاج میں عمر خالد شامل ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ اس دوران، عمر خالد نے اپنے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ لوگوں کو تشدد کے لئے بھڑکایا تھا۔ اس کے علاوہ، چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن جن ریاستوں میں عمر خالد گیا، اس کے لئے اسے آنے جانے اور ٹھہرنے کا انتظام مظاہرین کے ذریعہ کیا گیا تھا۔
کرائم برانچ کی چارج شیٹ میں آیا نیا نام
دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اپنی چارج شیٹ میں عمر خالد کے ساتھ ساتھ ایک نئے نام کا بھی انکشاف کیا ہے۔ چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ راہل رائے نامی ایک شخص نے دہلی سپورٹر پروٹسٹ واٹس اپ گروپ بھی بنایا گیا تھا۔ اس گروپ کے ذریعہ بھی دہلی تشدد کی پلاننگ کی گئی تھی اور سی اے اے مخالف احتجاج کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں یو اے پی اے کے تحت بھی دہلی پولیس کی اسپیشل سیل عمر خالد کے خلاف چارج شیٹ داخل کرچکی ہے۔