Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, January 6, 2021

یوپی کے بدایوں میں لرزہ خیز واردات : پوجا کیلئے گئی 50 سالہ خاتون کے ساتھ درندگی، ‏

بدایوں، ۔۔۔اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع 6جنوری 2021. 
==============================
یوپی کے بدایوں ضلع سے لرزہ بر اندام خبر موصول ہورہی ہے!جہاں نربھیا جیسا  المناک معاملہ  سامنے آیا ہے،۔۔ یہ واقعہ گزشتہ 3جنوری کو پیش آیاتھا، تاہم مین اسٹریم میڈیا میں آج یہ خبر موصول ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق یہاں آنگن واڑی کی ایک معاون خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کردیا گیا، وہ 50 سال کی تھی اور یہ بھی ستم بالائے ستم کہ مہلوک خاتون معمول کے مطابق مندر پوجا کیلئے گئی تھی، جہاں مبینہ طور پر مندر کے پجاری ،اس کے چیلے اور ڈرائیور نے مل کر ہوسناکی کو انجام دے ڈالا ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مہلوکہ کے جسم میں شدید چوٹیں آئیں ہیں۔پولیس نے متاثرہ کے اہل خانہ کی شکایت پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم ابھی تک ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے، جو کہ سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔یہ وہی یوپی ہے ، جہان نسلی امتیاز کی شناخت پر معمولی چپل دوکان کے مالک پر کاروائی ہوجاتی ہے،کیوں کہ چپل میں مخصوص برادری کا نشان کندہ تھا، لیکن نربھیا جیسے واقعہ پر عملہ سست روی کا مظاہرہ کررہا ہے، جو کہ سوالیہ نشان ہے ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خاتون کے اعضائے مخصوصہ میں راڈ جیسی  چیز داخل کئے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بائیں پسلی ، بائیں پیر اور بائیں پھیپھڑوں پر بھی چوٹ کے نشانات ہیں ۔یہ واقعہ یدھوتی پولیس اسٹیشن علاقہ کے ایک گاؤں کا ہے۔ متأثرہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ:’ مہلوکہ خاتون اتوار کے روز قریب کے ایک گاؤں کے مندر میں معمول کے مطابق پوجاارچنا کے لئے گئی تھی،جہاں مندر کا پجاری ، اُس کے ایک’’چیلے ‘‘اور ڈرائیور نے معمر خاتون کے ساتھ عصمت دری کی، بعدا زاں خاتون کو قتل کردیا ۔دیر رات پجاری اپنی جیپ سے آیا ،اور متأثرہ خاتون کی لاش دروازے پر پھینک کر چلا گیا‘۔ایس ایس پی سنکلپ شرما کا کہنا ہے کہ 3 افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 376 (عصمت دری) اور 302 (قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے4 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ 
متأثرہ کے  کنبہ کا کہنا ہے کہ یدھوتی پولیس اسٹیشن آفیسر رویندر پرتاپ سنگھ نے ان کی درخواست پر کان نہیں دھرا۔ یہاں تک کہ جائے وقوعہ کی جانچ بھی نہیں کی۔ واقعہ کے تقریبا 18 گھنٹے بعد لاش کو پیر کی دوپہر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا تھا۔ تاہم ان الزامات کا کوئی جواب دیئے بغیر ایس ایس پی سنکلپ شرما کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جلد ہی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔وہیں پرینکا گاندھی نے  اس معاملہ کے پر  سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے تنقید کیا ہے کہ افسران نے ابتدا میں متاثرہ کی فریاد نہیں سنی ، جس کا خمیازہ عام شہری کو بھگتنا پڑا ہے ۔تھانہ انچارج نے متأثرہ کنبہ کی فریاد نہیں سنی ،اور جائے وقوعہ کا معائنہ بھی نہیں کیا گیا ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ خواتین تحفظ کے تئیں یوپی سرکار کی نیت میں کھوٹ ہے۔