Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, January 5, 2021

بریلی میں فرضی نکلا جبراً مذہب تبدیلی کا معاملہ، یوگی کی پولس پھر کٹہرے میں!

بریلی کے فرید پور میں ایک شادی شدہ خاتون نے تین مسلم نوجوانوں پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے راستے میں روک کر اس پر مذہب تبدیل کرنے اور نکاح کا دباؤ بنایا۔ جانچ کے دوران یہ الزام غلط ثابت ہوا۔

بریلی۔۔اتر پردیش /صداٸے وقت /ذراٸع /5 جنوری 2021.
=============================
اتر پردیش کی پولس جبراً مذہب تبدیلی کا معاملہ درج کرنے میں بہت جلدبازی دکھا رہی ہے اور اس وجہ سے اسے کئی بار سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لو جہاد قانون (جبراً مذہب تبدیلی قانون) کے تحت پہلا مقدمہ درج کرنے کا تمغہ اپنے سینے پر لٹکانے کے بعد بریلی پولس نے ایک بار پھر آناً فاناً میں جبراً مذہب تبدیلی کا مقدمہ درج کر کے تین مسلم نوجوانوں کو مصیبت میں ڈال دیا۔ لیکن اب پولس جانچ میں ہی یہ بات سامنے آ گئی ہے کہ معاملہ پوری طرح سے فرضی تھا۔
بریلی کے ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان کا کہنا ہے کہ خاتون نے جو الزام عائد کیا تھا وہ غلط نکلا ہے۔ جس دن کا واقعہ بتایا گیا اس دن ملزمین وہاں موجود ہی نہیں تھے۔ خاتون کچھ دن پہلے انہی میں سے ایک نوجوان کے ساتھ دہلی چلی گئی تھی اور واپس آنے پر گھر والوں نے اس کی شادی بھی کر دی تھی۔
یہ معاملہ بریلی واقع فریدپور تحصیل کا ہے۔ مقدمہ درج کرانے والی خاتون کی عمر 24 سال ہے۔ اس نے یکم جنوری کو اپنے شکایتی خط میں الزام لگایا تھا کہ ابرار، منصور اور ارشاد نے بریلی سے فرید پور آتے وقت نوگواں پر اس کو اسکوٹی سے کھینچا اور زبردستی مذہب تبدیل کر کے ابرار سے نکاح کرنے کا دباؤ بنانے لگے۔ خاتون نے خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ یہ واقعہ یکم دسمبر یعنی ایک مہینے پہلے پیش آیا تھا۔ ایس ایس پی روہت سنگھ رجوان کا کہنا ہے کہ پولس کو اسی بات پر شبہ ہوا اور جب جانچ کرائی گئی تو پتہ چلا کہ یکم دسمبر کو تینوں نوجوان خاتون کی بتائی گئی جگہ پر موجود ہی نہیں تھے۔
ایس ایس پی رجوان نے یہ بھی بتایا کہ تقریباً چار مہینے قبل 9 ستمبر کو یہ لڑکی ابرار کے ساتھ کہیں چلی گئی تھی۔ بعد میں پتہ چلا کہ وہ دونوں دہلی کے تغلق آباد علاقے میں 15 دن تک رہے۔ اس درمیان فرید پور تھانہ میں خاتون کے اغوا کی رپورٹ درج کر لی گئی۔ کچھ دن بعد جب وہ گھر واپس لوٹی تو جانچ میں اس کے بالغ ہونے کی تصدیق ہوئی۔ خاتون کے والدین کی موت ہو چکی ہے اور وہ اپنے ماما کے گھر رہتی ہے۔ لوٹ کر آنے کے بعد گھر والوں نے 11 دسمبر کو بریلی کی آنولہ تحصیل کے رہنے والے ایک نوجوان سے اس کی شادی کرا دی۔
راستے میں روک کر زبردستی مذہب تبدیلی کا دباؤ بنانے کا الزام غلط ثابت ہونے کے بعد اب پولس اس الزام کی جانچ کر رہی ہے کہ ابرار نے آنولہ میں خاتون کے سسرال جا کر اسے دھمکایا تھا یا نہیں۔ حالانکہ پولس کی یہ کوشش اس معاملے میں کسی طرح نوجوانوں کو قصوروار ٹھہرا کر اپنی ساکھ بچانے کی ہے۔ اب جانچ میں جو بھی نکلے، لیکن یہ طے ہے کہ جلدبازی میں بریلی پولس نے اپنی فضیحت کرا لی ہے۔