Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Monday, January 18, 2021

ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے وفد نے کی ریاستی کانگریس انچارج سے ملاقات ، پیش کیا میمورنڈم

ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے ناظم اعلی مولانا محمد قطب الدین رضوی کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے جھارکھنڈ ریاستی کانگریس کمیٹی کے انچارج آر پی این سنگھ سے اسٹیٹ گیسٹ ہاوس میں ملاقات کر کے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا ۔

رانچی:جھارکھنڈ/صداٸے وقت /ذراٸع /١٨ جنوری ٢٠٢١۔
=============================
 ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے ناظم اعلی مولانا محمد قطب الدین رضوی کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے جھارکھنڈ ریاستی کانگریس کمیٹی کے انچارج آر پی این سنگھ سے اسٹیٹ گیسٹ ہاوس مورآبادی رانچی میں ملاقات کر کے انہیں آٹھ پوائنٹس پر مشتمل میمورنڈم پیش کیا ، جس میں ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے آر پی این سنگھ سے کہا ہے کہ کافی طویل عرصے سے جھارکھنڈ میں اسٹیٹ سنی وقف بورڈ، ریاستی اقلیتی کمیشن، پندرہ نکاتی نفاذ کمیٹی کی تشکیل نو نہیں ہوئی ہے جبکہ ریاست کے وجود میں آئے بیس سال سے زیادہ کاعرصہ ہوگیا لیکن آج تک اردو اکیڈمی اور مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی تشکیل نہیں ہوسکی ہے ۔ اقلیتوں کی فلاح کے لئے ایم ایس ڈی پی اسکیم نافذ ہے لیکن آج تک اس اسکیم سے اقلیتوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا گیا ، جھارکھنڈ میں ہزاروں اردو ٹیچروں کی جگہیں خالی ہیں جس سے اردو طلبہ وطالبات کا تعلیمی نقصان ہورہاہے ۔
وفد نے آرپی این سنگھ سے کہا کہ تقریبا جھارکھنڈ کے نوے فیصد اردو اسکولوں کو گزشتہ حکومت نے جبرا مرج کر دیا تھا ۔ اس مرجرکو فورا منسوخ کیا جانا چاہئے ۔ ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے انچارج سے کہا کہ اب تک وقف بورڈ کی تشکیل نہیں ہوئی جس سے اوقاف جائیداد کی تعمیر و ترقی رکی ہوئی ہے اور تقریبا گزشتہ چھ سالوں سے وقف بورڈ سرکاری تعصب کا شکار ہے ۔ اسی طرح جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن بھی ایک سال سے خالی ہے ، جس کی وجہ سے اقلیتی طبقہ کے دکھ درد کو دیکھنے والا کوئی نہیں ہے ۔ اقلیتی طبقہ کہیں اپنے مسائل کو رکھ نہیں پا رہا ہے ۔
ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے نمائندہ وفد نے آرپی این سنگھ کو میمورنڈم دیکر مطالبہ کیا کہ اقلیتی کمیشن، سنی وقف بورڈ، اردو اکیڈمی، مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن، پندرہ نکاتی نفاذ کمیٹی کی جلد تشکیل کی جائے اور ریاست کے سبھی اقلیتی علاقوں میں ایم ایس ڈی پی اسکیم کو مخلصانہ طور پر نافذ کر اس پسماندہ طبقہ کو سہولت دی جائے ۔ ساتھ ہی اردو اسکولوں کے مرجر کومنسوخ کیا جائے اور حالیہ دنوں میں محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سرکاری تعطیل کی فہرست پر نظر ثانی کرتے ہوئے عیدالفطر، عیدالاضحی کے تعطیلی ایام میں اضافہ کرتے ہوئے ہفتہ واری چھٹی یوم جمعہ کی بحالی کو واضح کیا جائے ۔
ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کے نمائندہ وفد کی باتوں کو آر پی این سنگھ نے بغور سنا اور وفد کو یقین دہانی کرائی کہ یو پی اے کی حکومت ریاست کے سبھی طبقہ کی فلاح وبہبود کے لئے کام کر رہی ہے اور ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کی جانب سے دئے گئے میمورنڈم کے تمام نکات پر وزیر اعلی ہیمنت سورین سے بات کروں گا ۔ قطب الدین رضوی نے کہا کہ جھارکھنڈ کے سبھی طبقہ کے ساتھ ہی اقلیتی طبقہ کی بھی امیدیں موجودہ ہیمنت حکومت سے وابستہ ہیں اور وزیراعلی خود بھی تمام مسائل سے بخوبی واقف ہیں ۔ تاہم دوچند اہم وضروری مسائل کے حل میں تاخیر سے عوام کے اعتماد میں کمی واقع ہوجائے گی ، اس لئے اب مزید تاخیر نہ ہو ۔
ادارہ شرعیہ موجودہ حکومت سے یہ امید رکھتا ہے کہ جلد ہی ہمارے عوامی فلاح کے مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔ ناظم اعلی قطب الدین رضوی نے کہا کہ حکومت کی خصوصی توجہ پسماندہ اقلیتی طبقہ کی فلاح وبہبود کی جانب مرکوز رہنی چاہئے