Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, March 4, 2021

*ہے عجیب سا یہ سلسلہ* ‏


از/ ام ہشام ،ممبئی /صدائے وقت
+++++++++++++++++++++++++++++++++++
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے ایک عجیب سی طوفانی لہر اٹھی ہے ۔
ہر کسی کا نشانہ علماء برادری ہے ۔
مان لیا جائے کہ یہ ساری تخریب کاری مذہب بیزار لوگوں کی ہے پھر بھی ! ذرا اپنی منصفی عینک کو تھام کر دیکھئے ، سوچئیے پھر بولئے 
کسی کی خود کشی کے ذمہ دار علماء کیسے ہوگئے ؟
انہوں نے کب کس کی مایوں ،مہندی، بارات، ولیمہ کا کھٹا میٹھا چکھا ؟
ختنہ، عقیقہ  برتھ ڈے ،چلّہ میں  ڈی جے کے سامنے والی نشست پر  کب انہوں نے فاتحہ پڑھا ؟ ۔پھر بھی کمال ذمہ داری سے ہر ذمہ داری ان کے سر ڈالی جارہی ہے۔

کسی کی لڑکی گھر سے نکل گئ ۔
علماء قصوروار  ہیں تربیت پر تقریر نہیں کرتے۔۔۔۔

کسی کی گائے پڑوسی کا کھیت چرگئ علماء نے جانوروں میں کبھی تربیت کا کام نہیں کیا بس انسا نوں کو درس دیتے رہتے ہیں۔

کسی کا بیٹا ایکسیڈینٹ میں زخمی ہوگیا علماء کی غلطی ہے ۔بائیک پر بیٹھنے کی دعا اور  گاڑی کے آداب نہیں سکھائے  ۔۔۔۔
کسی کی اولاد نشہ میں پڑگئ یہ بھی علماء کی ہی غلطی ہے جو کبھی نشہ سپلائی کرنے والوں کے درمیان نہیں ئے اور فیلڈ ورک نہیں کیا۔۔۔۔ 

انہوں نے اپنی تقریر وتحریر سے ہر بے جا رسم ورواج سے عوام کو روکا ہی ہے ۔
میراث میں خواتین کے حصے کے لئے  سالوں سے دروس ، کورسز ،بیانات منعقد کئے جارہے ہیں۔
خواتین کی اپنے حقوق سے آگاہی کے لئے عالمات بھی پیش پیش رہی ہیں ۔آن لائن آف لائن ہر ممکن ذریعہ سے وراثت کے مضمون اور اس کے پیغام کو عام کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔
لیکن افسوس! !! جب  احسان فراموشی اور ناقدری انسان کی عادت بن چکی ہو تو پھر ایسے رویے ہڈ حرام کہلاتے ہیں۔قدردانی تو دور کی بات ہے سماج میں کام کرنے والوں کو جس رحم بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے وہ انتہائی ذلت آمیز ہے۔

یہ تو وہ مفلوک الحال طبقہ ہے جن کے خُطبے کے ھدیے بھی اس وقت مائِنَس کر لئے جاتے ہیں جب حفظان صحت کی وجہ سے ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کا خطبہ مختصر کردیا گیا ہو۔
مطلب ! "مولی ساب پندرہ منٹ بول کر دو گھنٹہ کا ھدیہ لے جائیں ہر گز نہیں "

یہ سادہ لوح طبقہ بھلا کس طرح کسی کی موت کے ذمہ دار ہوئے ؟
کب سے بے چارے جہیز، بارات، ناچ گانے اور شرعی احکامات بیان کرنے  پر  اپنا جینا  اس بھلے انسانی سماج میں دشوار کرواچکے ہیں ۔
ایک امام نے خطبہ جمعہ میں پڑھا " الحَمُو المَوت "
دیور موت ہے ۔
تیسرے روز امام کو اپنامکان چھوڑنا پڑا ۔کیونکہ وہ ٹرسٹی کے کرایہ دار تھے۔
اچھا ہوا سُشانت کیس میں مولانا برادی کا دور دور تک کوئی رابطہ  نہیں تھا ورنہ بر صغیر کی  مذہب بیزار عوام اپنے آس پاس کے ایک ایک مولوی  کو چُن چُن کر تھانے پہنچادیتی کہ تم نے سُشانت کے کانوں میں کلمہ شہادت کیوں نہیں پہنچایا ورنہ وہ کبھی خود کشی نہ کرتا۔
ایک جِیالے عالم  نے اپنی جان پتھیلی پر رکھ کر نوہیرہ شیخ کے اسکَیم scam  سے بہت پہلے اس کے طریقہ کار پر سوالیہ نشان اٹھائے ؟
مختلف ذرائع سے عوام کو ہوشیار کرنے کی کوشش کی لوگ نہیں مانے الٹا اس عالم کے خلاف ایک محاذ کھولا گیا دھمکیوں سے بھرے کالز کی بہتات۔
 اور پھر کورٹ سے 100 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
کیا کریں مریخ پر جاکر بس جائیں اور وہاں کی خلائی مخلوق کو دین کا درس دیں ۔
لیکن  !!!!!  انسان تو صرف زمیں پر بستے ہیں جو ہمیشہ اپنی کمیوں ، غلطیوں اور غیر ذمہ داریوں کا ٹھیکرا پھوڑنے کے لئے ایک عدد سر ایسے سر کی تلاش کرتے ہیں جو دوسرے کا ہو۔ 
جن کا وجود تک لوگ برداشت نہیں کرپاتے ، علماء سے دور دور بھاگتے ہیں وہ کس منہ سے عائشہ کے معاملے میں علماء کو ذمہ دار ٹہرارہے ہیں ؟
معاشرے میں اصلاح تبھی ہوگی جب ہم ناصح کی نصیحت کو سنیں گے پھر برداشت کریں اور اس سےبڑھکر عمل بھی کریں گے  ۔روئیے لچکدار نہ ہوئے تو پورا نظام متاثر ہوگا ۔