Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Thursday, May 6, 2021

بزرگ شاعر ذکی احمد چندن پٹوی کو"کاروان ادب" کا خراج عقیدت


حاجی پور.. بہار /صدائے وقت  (پریس ریلیز). 
===========================) ==
 اردو کے بزرگ اور کہنہ مشق شاعر ذکی احمد چندن پٹوی کے انتقال پر کاروان ادب حاجی پور نے اپنے گہرے غم و ملال کا اظہارِ کیا ہے اور ان کے انتقال کو اردو شعر و ادب کا ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا دیا ہے. ذکی صاحب مرحوم کا ضلع ویشالی سے گہرا رشتہ تھا. انھوں نے تقریباً 34 برس جی اے ہائ اسکول لعل گنج ویشالی میں تدریسی فرائض انجام دیے تھے اور یہیں سے ملازمت سے سبکدوش ہوئے تھے. موصوف 1991سے 1995 تک انجمن ترقی اردو ویشالی کے سینئر نائب صدر رہے.
 ان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کاروان ادب حاجی پور کے صدر مفتی ثناء الہدی قاسمی نے کہا کہ ذکی صاحب ایک قادرالکلام شاعر تھے. انھوں نے سماج کے ہر طبقہ کے لیے شاعری کی. ان کا "اپنا مرثیہ" ہو یا بچوں کی نظموں کا مجموعہ جھولا ہو یا میٹھے گیت ان کی غزلیں ہوں یا نظمیں ان میں ہیئت کی پاسداری روایت کا رکھ رکھاؤ رچا بسا ہوا ہے. ان کی شخصیت میں بھی سادگی اور جاذبیت تھی. کارواں کے سکریٹری انوارالحسن وسطوی نے ذکی صاحب کی وفات پر اپنے اظہار تعزیت میں کہا کہ مرحوم ذکی صاحب ایک منفرد شاعر کے ساتھ ساتھ ایک مثالی استاد اور مثالی انسان تھے. وہ نہایت خلیق ملنسار شریف النفس ادب نواز اور مہمان نواز انسان تھے. ان کی محبتوں کو ان کے چاہنے والے کبھی فراموش نہیں کر سکتے. اردو کونسل ویشالی کے جنرل سکریٹری سید مصباح الدین احمد نے اپنے اظہارِ تعزیت میں کہا ہے کہ سادگی سچائی اور خلوص ان کی شخصیت کے عناصر ترکیبی تھے. وہ بے حد حساس انسان تھے. صاف گوئی اور بے باکی ان کی شخصیت اور شاعری کی مشترکہ صفات تھیں. ڈاکٹر عارف حسن وسطوی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ذکی صاحب اخلاق و اطوار کی بنا پر نمونہ سلف تھے. ان کی شاعری اتنی عمدہ اور بااثر ہے جو انہیں ہمیشہ زندہ رکھے گی. اردو کونسل ویشالی کے صدر نسیم الدین صدیقی ایڈوکیٹ کاروان ادب کے نائب صدر بدر محمدی شہاب الرحمن صدیقی ڈاکٹر لطیف احمد خان اور قمر اعظم صدیقی نے بھی ذکی صاحب کے انتقال پر اپنے صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے. مذکورہ تمام حضرات نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے آمین