Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, June 2, 2021

پانچ ‏سال ‏ قبل ‏کی ‏ تحریر ‏ بعنوان ‏"دو جون ‏کی ‏ روٹی ‏. ‏. ‏. ‏

     تحریر   /ڈاکٹر شرف الدین اعظمی                                    صدائے وقت                             
دو جون کی روٹی                                          
+++++++++++++++++++++++++++++
آج انگریز ی ماہ جون کی دو تاریخ ہے 6واں مہینہ 154واں دن ،ایک محاورہ عام طور پر استعمال ہوتا ہے ،،،،دو جون کی روٹی ،،،،،،یعنی دو وقت کا کھانا ،حالانکہ یہاں پر لوگ تین وقت کا کھانا کھاتے ہیں پھر دو جون کی روٹی کیوں ،کچھ لوگ تو بڑے قناعت پسند ہوتے ہیں انہیں صرف دو روٹی سے مطلب ہوتا ہے جون سے کوئی لینا دینا نہیں ،،
ویسے دو کا ہندسہ بھی بڑی اہمیت کا حائل ہوتا ہے اسی ہندسے سے جفت و طاق کی شروعات ہوتی ہے جس کا کھیل دہلی میں اروند کیجری وال کھیل رہے ہیں ، 
جون کے مہینہ میں گرمی کی شدت ہوتی ہے ایسے میں روٹی کا سوال کیوں کیا گیا ،تربوزہ ،خربوزہ ،کھیرا ،ککڑی ،بیل کا شربت ،کچے اور پکے آم کی بات ہوتی تو اور اچھا تھا ،
جون تو ویسے انگریزی ماہ کا نام ہے مگر جون ایلیا ،اردو کے معروف شاعر ومصنف رہے ہیں ،اسی طرح جون اسمتھ ،حون چرچل وغیرہ بڑے نام ور لوگ گزرے ہیں انہوں نے کبھی دو وقت کی روٹی نہیں مانگی ،روٹی مانگتے بھی تو کون سی ،چپاتی روٹی ،تندوری روٹی ،مسی روٹی ،مکئی کی روٹی ،چاول کی روٹی ،باجرے کی روٹی ،
اس کے علاوہ ڈبل روٹی ،میتھی کی روٹی ،سادی روٹی یا روغنی روٹی اور اقسام روٹی پر غور کریں تو پراٹھا روٹی ،شیرمال روٹی ،،نان ،باقر خوانی ،تندوری روٹی وغیرہ وغیرہ ،یابادشاہ ہند بہادر شاہ ظفر کے دسترخوان کی روٹیاں مثلاً چپاتی ،پھلکے ،خمیری روٹی ،کلچہ ،بادام کی روٹی ،پستے کی روٹی ،گاجر کی روٹی ،مصری کی روٹی ،نان پنبہ ،نان گلزار ،
 اب دو جون کی روٹی میں کون سی روٹی چاہیے پتہ نہیں ،محاورہ بنانے سے پہلے محاورہ ساز کو ان سب باتوں پرغور کرنا چاہئے تھا ،
اس دو جون ،،وقت  کی روٹی کے محاورے کو سیاسی اعتبار سے خوب شہرت ملی ہے ،دو وقت کی روٹی میسر نہیں ،،،حکومت نے غریبوں کی دو وقت کی روٹی چھین لی ،،بھارت میں ہرا چوتھا شخص دو وقت کی روٹی سے محروم ،طعنہ بھی خوب ملتا ہے دو وقت کی روٹی نہیں میسر ،
 صرف روٹی سے کام تو چلے گا نہیں اب اگر کسی طرح دو جو ن کی روٹی کا انتظام ہو گیا تو کھائیں گے کیسے ،اس کے لئے سبزی ،دودھ ،انڈا دہی ،سرسوں کا ساگ ،،میتھی کا ساگر ،دال مٹر کی ،ارہر کی ،مونگ کی ،اگر گوشت مل گیا تو اور اچھا ہے ،حالانکہ اچھا تو جب ہے جب ان روٹیوں کے ساتھ ،مٹن قورمہ ،دو ہیازہ ،مرغ مسلم ،مرغ تندوری ،قیمہ ،مٹن انگارہ ،حیدرابادی قورمہ ،پنجابی ڈش ،مغلئ ڈش ،حیدرآبادی ڈش جیسے بدرقہ ہوں تب تو دو جون کی روٹی کا مطلب ہے ورنہ کوئی فائدہ نہیں ،
حالانکہ دو جو ن کی بھی بڑی اہمیت ہے ،دو جون کو بہت سے ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جو آج تاریخ کا حصہ ہیں ،دو جون 1793 میں فرانس میں دہشت گردی کی شروعات ہوئی ،دو جو ن 1953 کو ملکہ الزبتھ دوئم نے ملکہ کا تاج پہنا ،دو جون 1818 کو انگریزوں کے ہاتھوں مراٹھا فوجوں کی شکست ہوئی ،دو جو ن 1930 کو پنامہ کی مہارانی مسزتھیسس نے بحری سفر کے دوران بچے کو جنم دیا ،دو جون 1966  کو امریکا کا پہلا خلائی جہاز چاند پر اترا اور وہاں سے چاند کے سطح کی تصویریں بھیجنی شروع کی ،اس کے علاوہ بہت سے تاریخی واقعات دو جون سے وابستہ ہیں  
جون کی پیدائش کو لوگ اچھا نہیں مانتے ،شریر بچوں کو بزرگ پھٹکار لگاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کیا جون کی پیدائش ہے مگر دو جون کو جو لوگ پیدا ہوتے ہیں انکا ستارہ جیمنی ہوتا ہے ،اس ستارے کے لوگ بسیار خور اور بہادر ہوتے ہیں ،
ان ثبوتوں اور شہادتوں کے مدِ  نظر گروپ کے ایڈمن حضرات کو کم سے کم دو جون کی روٹی کا انتظام کرنا چاہئے جس سے ہمارے شرکائے محفل کم از کم دو جون کو تو دو جون کی روٹی مہیا ہو سکے ،روٹی کے ساتھ لوازمات میں اگر قلیہ دو پیازہ ،ہرن کا قورمہ ،مرغ،،مچھلی ،بیگن کا بھرتہ ،چنے کی دال ،کریلے کا دلمہ ،سیخ کباب ،شامی کباب ،گولیوں کے کباب ،تیتر و بٹیر کے کباب ،نکتی کباب ،حسینی کباب ہو تو بہتر ہوگا ،ہم لوگوں کے یہاں صرف روٹی سے کام نہیں چلتا لہذا سادہ چاول ،پلاوٰ  ،یخنی ،موتی پلاوٰ  ،نکتی پلاوٰ  ،نور محلی پلاو ،کشمش پلاو ،مرغ پلاو ،بیضہ پلاو ،انناس پلاو ،کوفتہ پلاو ،بریانی پلاو ،سالم بکرے کا پلاو ،بونٹ پلاو ،کا بھی انتظام ہو جائے تو بہتر ہے ورنہ صرف کھچڑی ،شولہ کھچڑی ،قبولی کھچڑی و ظاہری کھچڑی سے بھی کام چل جائے گا ،بہت بہت شکریہ ،دو جون اور دو جون کی روٹی کی مبارکباد ،
جب آدمی کے پیٹ میں آتی ہیں روٹیاں 
پھولی نہیں بدن میں سماتی ہیں روٹیاں 
آنکھیں پری رخوں سے لڑاتی ہیں روٹیاں 
سینے اپر بھی ہاتھ چلاتی ہیں روٹیاں 
جتنے مزے ہیں سب یہ دکھاتی ہیں روٹیاں

تحریر ڈاکٹر شرف الدین اعظمی ،محفل رنگ محل کے لئے دو جون کی خاص پیشکش ،