Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Tuesday, October 5, 2021

وفیاتِ اطبائے ہند و پاک [ حکیم وسیم احمد اعظمی] ‏



تبصرہ.. ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
.                 صدائے وقت 
=================================
      تذکرہ اور سوانح اصحابِ قلم کا پسندیدہ موضوع رہا ہے _ کتبِ تاریخ میں جابجا مختلف شخصیات کے تذکرہ کے علاوہ اس موضوع پر مستقل کتابیں بھی لکھی گئی ہیں _ بعض کتابوں میں عہد بہ عہد مختلف علوم و فنون کی شخصیات کا تذکرہ کیا جاتا ہے _ اطباء کے تذکروں پر مشتمل کتابیں بھی لکھی جاتی رہی ہیں _ لیکن ایسی کتابیں غالباً موجود نہیں ہیں جن میں عصر حاضر اور ماضی قریب کے اطباء کی سوانح جمع کی گئی ہو _ اللہ تعالی جزائے خیر دے برادرِ محترم و مکرم حکیم وسیم احمد اعظمی صاحب کو ، جنھوں نے اس ضرورت کو محسوس کیا اور اطباء ہند و پاک کے حالاتِ زندگی جمع کرنے کا ایک بڑا پروجیکٹ شروع کیا _
        طبّی دنیا حکیم وسیم احمد اعظمی کی علمی و طبّی خدمات سے خوب واقف ہے _ طبی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والا کوئی شخص اگر ان سے ناواقفیت کا اظہار کرے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے دورانِ طالب علمی کتابوں سے کوئی واسطہ نہیں رہا ہے _ اس لیے کہ طبی نصاب کے بیش تر موضوعات اور بعض غیر نصابی طبّی موضوعات پر ان کی کتابیں موجود ہیں _ موصوف سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن ( CCRUM) کے کلینکل اور لٹریری ریسرچ کے شعبہ سے وابستہ رہے ہیں _ عرصہ تک انہوں نے کونسل کے ترجمان سہ ماہی 'جہانِ طب' کی ادارت کی ہے _ ابھی چند برس پہلے وظیفہ یاب ہوئے ہیں _ اس کے بعد بھی تحقیقی و تصنیفی میدان میں سرگرم ہیں _

       زیرِ نظر کتاب 'وفیاتِ اطباء ہند و پاک' طبّی سوانحی وفیاتی ادب پر ایک قیمتی اضافہ ہے _ اسے الف بائی ترتیب پر مرتب کیا گیا ہے _ اطبّاء کے تذکروں پر مشتمل تقریبا تمام کتابوں کا مواد اس میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے _ خاص بات یہ کہ مصنف نے حوالوں کا خصوصی اہتمام کیا ہے _ ہر شخصیت کا تذکرہ کرنے کے بعد ان مصادر کی فہرست پیش کی گئی ہے جن سے انہوں نے مواد لیا ہے _ بغیر کسی تردّد کے کہا جاسکتا ہے کہ آئندہ ہندوستان و پاکستان کی تاریخِ طب پر کام کرنے والا کوئی بھی شخص اس کتاب سے بے نیاز نہیں ہو سکتا _

نام کتاب : وفیاتِ اطباء ہند و پاک 
جلد سوم ، حصہ اوّل، حرف عین 
صفحات : 336
 قیمت :400 روپے
ناشر : حکیم وسیم احمد اعظمی
موبائل :  9451970477_91+
ای میل :waazmi@yahoo.com 

      اس کتاب کی اشاعت اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن نئی دہلی کی دل چسپی اور اہتمام سے ہوئی ہے _  یہ NGO ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے تعلیمی ، سماجی اور رفاہی خدمات میں مصروف ہے _ ادبی ، علمی اور طبی موضوعات پر سیمیناروں اور مذاکروں کے انعقاد کے علاوہ اس نے اشاعتی سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے _ اب تک ایک درجن سے زائد کتابیں اہم موضوعات پر شائع ہوچکی ہیں _ زیر نظر کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے _