Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Wednesday, April 20, 2022

خواتین قرآن سے اپنے رشتے کو مضبوط کریں: مفتی ثناء الہدی قاسمی



مظفرپور: 20 اپریل (پریس ریلیز) /صدائے وقت 
=================================
قرآن کریم کو اسی طرح پڑھنا چاہیے جیسا اس کے پڑھنے کا حق ہے. خواتین کے ساتھ چونکہ گھریلو ذمہ داریاں زیادہ ہوتی ہیں اس لیے بہت کم خواتین قرآن کو درست مخارج کے ساتھ پڑھنا سیکھ پاتی ہیں. ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے نائب ناظم اور معروف عالم دین مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے دعائیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا. وہ عبدالرزاق کالونی،مٹھن پورہ مظفرپور میں حافظہ صالحہ فردوس اہلیہ کامران غنی صبا (نتیشور کالج مظفرپور) کی امامت میں ہونے والی خواتین کی تراویح میں ختم قرآن کے موقع پر دعائیہ محفل سے خطاب فرما رہے تھے. انہوں نے مختلف مثالوں کے ذریعہ بتایا کہ قرآن پاک پڑھتے ہوئے اگر حروف کی ادائگی کا خیال نہ رکھا جائے تو بسا اوقات معنی کی ایسی غلطیاں ہونے کا امکان ہوتا ہے کہ انسان دانستہ اگر یہ غلطیاں کر بیٹھے تو یقینی طور پر گنہگار ہو جائے گا. مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے کہا کہ یہ قرآن کا ہی وصف ہے کہ اسے پڑھتے ہوئے اگر آپ اللہ کے سرکش اور باغی بندوں مثلاً فرعون اور نمرود کا نام بھی پڑھتی ہیں تو ہر ہر حرف کے بدلے ایک نیکیاں ملتی ہیں. انہوں نے کہا کہ قرآن پاک سے ہمارا رشتہ بہت ہی مضبوط ہونا چاہیے. انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی گھریلو مصروفیات سے کچھ وقت فارغ کریں اور ان اوقات میں قرآن کو صحیح طریقے سے پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں. مفتی ثناء الہدی قاسمی نے تراویح میں قرآن پاک مکمل ہونے پر حافظہ صالحہ فردوس اور تراویح میں شامل تمام خواتین کو مبارکباد پیش کی.
واضح رہے کہ عبدالرزاق کالونی، مٹھن پورہ میں ہی رمضان بعد حافظہ صالحہ فردوس کی نگرانی میں ہفتہ وار قرآن کلاس کا آغاز ہوگا. جس میں تجوید قرآن سکھائی جائے گی. علاقہ کی خواتین اس ہفتہ وار کورس میں شریک ہو سکتی ہیں