Sada E Waqt

چیف ایڈیٹر۔۔۔۔ڈاکٹر شرف الدین اعظمی۔۔ ایڈیٹر۔۔۔۔۔۔ مولانا سراج ہاشمی۔

Breaking

متفرق

Sunday, April 2, 2023

اقتصادی آسودگی اور تعلیمی پیش رفت کے بغیر ترقی ممکن نہیں: حذیفہ عامر رشادی


راشٹریہ علماء کونسل کے جنرل سکریٹری کا ریاض سعودی عرب میں اہم خطاب
ریاض:/دہلی /صدائے وقت /ذاکری اعظمی 
=================================
 دہلی کلب ریاض کے زیر اہتمام شہر ریاض کے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں ایک افطار پارٹی منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی راشٹریہ علماء کونسل کے جنرل سکریٹری حذیفہ عامر رشادی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو اقتصادی آسودگی اور حصول تعلیم کی جانب خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو ملک کے موجودہ سیاسی حالات سے قطعا گھبرانے کی ضرورت نہیں، حالات ہمیشہ یکساں نہیں رہتے، اگر مسلمانوں نے سرگرم سیاست سے کچھ دنوں تک اپنے آپ کو دور رکھا تو موجودہ سیاسی منظرنامہ ضرور بدلے گا، گزشتہ ایک دہائی کے تجربات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ جب جب مسلمانوں نے بھاجپا کی مخالفت کی اور سیکولرزم بچانے کی ذمہ داری اپنے اوپر مسلط کرلی اسکا براہ راست فائدہ فسطائی قوتوں کو ہی ہوا۔

تقریب سے معروف سماجی کارکن اور تاجر اختر الاسلام صدیقی نے بھی خطاب کیا، انہوں اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ تجربات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ہماری ضعیف العمر قیادت ملت کے سیاسی مسائل کی نمائندگی میں ناکام رہی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ایسی مخلص اور نوجوان قیادت سامنے آئے جنھیں حالات کا صحیح ادراک ہو اور اسکے سامنے مستقبل کا واضح لائحہ عمل بھی ہو۔ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تکنالوجی اور زبان و ادب اور نئے ڈسکورس کو بھی سیکھنا ضروری ہے تاکہ وہ اسی انداز میں چلنے کے قابل ہو سکیں۔ 

اس موقع پر دلی رستوران کے مالک مجاہد علی شیخ، اور دلی کلب کے دیگر ممبران غفران اعظمی، فیضان اعظمی، طارق اعظمی، اطہر سلمان اعظمی، انجینر غوث احمد، ساجد اعظمی، طارق اسحاق پوری، احسان احمد، عارف اعظمی، اطہر اعظمی انجینیر اظہار حسین اور دیگر ساتھیوں نے پروگرام کو آرگنائز کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جبکہ نظامت ذمہ داری ڈاکٹر ذاکر اعظمی ندوی نے انجام دیا۔

تقریب میں شہر ریاض کی مختلف تنظیموں نے بھر پور شرکت کی جن میں انڈیا اسلامک کلچر سنٹر ریاض کے کنوینر مرشد کمال، اموبا کے صدر ارشد علی خان، جامعہ المونائی ایسوسیشن کے صدر غفران احمد، سابق صدر انجینیر انیس احمد اور نوشاد جامعی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔